ایف بی آر نے اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کسٹمز انفورسمنٹ کا دائرہ اختیار بڑھا دیا
وفاقی حکومت نے اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کسٹمز انفورسمنٹ انڈس کلیکٹریٹ کا دائرہ اختیار مختلف شاہراہوں، پلوں اور موٹرویز پر قائم ڈرائی پورٹس اور موبائل ایگزامینیشن اسٹیشنز تک بڑھا دیا ہے۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
وفاقی حکومت نے ملک میں اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے کسٹمز انفورسمنٹ انڈس کلیکٹریٹ کے دائرہ اختیار میں توسیع کر دی ہے۔ اس سلسلے میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کا مقصد سرحدی اور اندرونی راستوں پر نگرانی کو مضبوط بنانا ہے۔
ایف بی آر کے مطابق کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت جاری کیے گئے اس نوٹیفکیشن میں مختلف علاقوں، پلوں، شاہراہوں اور موٹرویز پر قائم ڈرائی پورٹس اور موبائل ایگزامینشن اسٹیشنز کو کسٹمز انفورسمنٹ انڈس کلیکٹریٹ کے دائرہ کار میں شامل کیا گیا ہے۔ اس اقدام سے ان مقامات پر قانون نافذ کرنے والے عملے کو اسمگل شدہ سامان کی نشاندہی اور ضبطی میں مدد ملے گی۔
نوٹیفکیشن کے ذریعے ایف بی آر کے 21 جون 2021 کے سابقہ نوٹیفکیشن میں ترامیم کی گئی ہیں۔ نئی فہرست میں حب موچکو، حب بائی پاس روڈ، حب ایم آئی کٹ، ہمدرد، گڈو بیراج، سکھر موٹروے ایم فائیو، سکھر بیراج، لاڑکانہ خیرپور پل، دادو مورو پل، امری قاضی احمد پل، کوٹری پل، ارل سیہون پل اور بھان سعید آباد سے سیہون تک کے مقامات شامل کیے گئے ہیں۔
اسی طرح ڈی آئی خان موٹروے ایم فور، کالا باغ پل، جناح پل، چشمہ پل، ڈی آئی خان بھکر روڈ، تونسہ بیراج، غازی گھاٹ اور ظاہر پیر سمیت متعدد اہم مقامات کو بھی کسٹمز انفورسمنٹ انڈس کے دائرہ اختیار میں لایا گیا ہے۔ یہ مقامات ملکی تجارتی راہداریوں اور صوبوں کے درمیان رابطوں کے لیے اہم سمجھے جاتے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں تھاکوٹ بٹگرام، تربیلا، صوابی ایم ون موٹروے، اٹک جی ٹی روڈ اور خوشحال گڑھ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق دائرہ اختیار کی توسیع سے اسمگلنگ کی مختلف شکلوں، بالخصوص ایندھن اور دیگر اشیا کی غیر قانونی نقل و حمل کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آئے گی۔
یاد رہے کہ حکومت اسمگلنگ کے خلاف ملک گیر سطح پر مہم جاری رکھے ہوئے ہے اور اسے معیشت کے لیے سنگین چیلنج قرار دیا جا رہا ہے۔ کسٹمز حکام کی جانب سے ان مقامات پر چھاپوں اور گاڑیوں کی تلاشی کا سلسلہ پہلے ہی جاری ہے، جبکہ نئی توسیع سے قانونی اختیارات میں مزید وضاحت پیدا ہوگی۔
اب تک کی کہانی تربیلہ
- خیبرپختونخوا میں سونے کی کانوں کے تمام لیز ختم کرنے کا اعلان، ٹھیکیداروں کو ایک ہفتے میں علاقہ چھوڑنے کی ہدایت
- تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ: حادثے کے بعد لاگت 200 ارب روپے تک پہنچنے کا خدشہ
- تربیلا پن بجلی منصوبے میں چٹان گرنے کا واقعہ، پانی پاور ہاؤس میں داخل، کوئی جانی نقصان نہیں











