ایف بی آر کا انکم ٹیکس گوشواروں کی خودکار جانچ کا نیا نظام متعارف
وفاقی حکومت نے انکم ٹیکس گوشواروں کی خودکار جانچ پڑتال اور ٹیکس دہندگان کو پیشگی آگاہ کرنے کا طریقہ کار وضع کر دیا ہے، جس کے تحت ایف بی آر کا خودکار نظام گوشواروں کا جائزہ لے کر ممکنہ غلطیوں کی نشاندہی پر آن لائن اطلاع جاری کرے گا۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
وفاقی حکومت نے انکم ٹیکس گوشواروں کی خودکار جانچ پڑتال اور ان میں سامنے آنے والی ممکنہ غلطیوں یا بے ضابطگیوں سے متعلق ٹیکس دہندگان کو پیشگی آگاہ کرنے کا نیا طریقہ کار متعارف کروا دیا ہے۔ اس سلسلے میں انکم ٹیکس رولز 2002 میں نئی شق 38 بی شامل کی گئی ہے اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
نئے طریقہ کار کے مطابق ایف بی آر کا خودکار نظام، جس میں سی آر ایم بھی شامل ہے، ٹیکس دہندگان کے جمع کرائے گئے انکم ٹیکس گوشواروں کا جائزہ لے گا۔ اگر کسی گوشوارے میں حقائق پر مبنی یا قانونی غلطی یا تضاد کی نشاندہی ہوتی ہے تو آئی آر آئی ایس کے ذریعے متعلقہ ٹیکس دہندہ کو آن لائن مشورہ یا پیشگی اطلاع بھیجی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد ٹیکس دہندہ کو قانونی یا تعزیری کارروائی شروع ہونے سے قبل اپنی وضاحت پیش کرنے، غلطی کی اصلاح کرنے یا دیگر ضروری تدابیر اختیار کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پیشگی اطلاع متعلقہ دائرہ اختیار رکھنے والا ان لینڈ ریونیو افسر بھی جاری کر سکے گا۔ ٹیکس دہندہ کو جواب دینے، غلطی درست کرنے یا نشاندہی کردہ بے ضابطگی دور کرنے کے لیے کم از کم سات دن کی مہلت دی جائے گی۔ اگر مقررہ مدت کے اندر جواب موصول نہ ہو تو ٹیکس دہندہ کو دوبارہ یاددہانی بھیجی جائے گی، جس کے لیے بھی کم از کم سات دن کی مہلت مقرر کی گئی ہے۔
خودکار نظام کے ذریعے سامنے آنے والے مسائل، بھیجی گئی اطلاعات اور ٹیکس دہندگان کے جوابات کا ریکارڈ متعلقہ ان لینڈ ریونیو افسر کو فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ تمام اطلاعات، موصولہ جوابات اور کیے گئے اقدامات کا اندراج نظام کے ڈیش بورڈ پر بھی کیا جائے گا تاکہ پوری کارروائی کا شفاف ریکارڈ موجود رہے۔
متعلقہ ان لینڈ ریونیو افسر ٹیکس دہندہ کے جواب کا جائزہ لینے کے بعد ضرورت پڑنے پر انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 اور اس کے تحت بنائے گئے قواعد کے مطابق مزید کارروائی کرے گا۔ ماہرین کے مطابق یہ نظام ٹیکس دہندگان کو ابتدائی مرحلے پر ہی آگاہ کر کے غیر ضروری قانونی پیچیدگیوں سے بچانے اور ٹیکس نظام کی شفافیت بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
اب تک کی کہانی فیڈرل بورڈ آف ریونیو
- غیر قانونی سگریٹس کی فروخت میں کمی، ٹیکس وصولی 329 ارب روپے تک پہنچ گئی
- ایف بی آر کا تاخیر سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کو سرچارج کے بغیر اے ٹی ایل میں شامل کرنے کا فیصلہ
- ایف بی آر کا برآمد کنندگان کی بلیک لسٹنگ کے مسائل حل کرنے کا اعادہ
- ایف بی آر کا ٹیکس دہندگان کے لیے آئی آر آئی ایس سسٹم میں نئی سہولت کا اعلان











