around.pk
Thursday, 12 November 2026
☀ کراچی 29°⛅ لاہور 27°⛅ اسلام آباد 21°
پاکستان

پنجاب میں انسداد اسموگ مہم تیز، صنعتی یونٹس پر جرمانے 21 کروڑ روپے سے تجاوز کر گئے

محکمہ تحفظ ماحولیات پنجاب نے رواں سال بھٹہ خشت کے معائنے دوگنا کر دیے اور صنعتی خلاف ورزیوں پر جرمانوں کی رقم 10 کروڑ سے بڑھا کر 21 کروڑ 69 لاکھ روپے تک پہنچا دی، تاکہ فضائی آلودگی کے بڑے ذرائع کو قابو کیا جا سکے۔

around.pk·8m ago

پنجاب میں فضائی آلودگی کے بڑے ذرائع کے خلاف محکمہ تحفظ ماحولیات نے کارروائیوں میں نمایاں تیزی پیدا کر دی ہے۔ محکمہ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق یکم جنوری سے 10 نومبر تک صوبے بھر میں بھٹہ خشت کے معائنے گزشتہ سال کے مقابلے میں دوگنا سے زیادہ ریکارڈ کیے گئے، جبکہ صنعتی یونٹس پر عائد جرمانوں کی مالیت 10 کروڑ روپے سے بڑھ کر 21 کروڑ 69 لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔

سیکرٹری ماحولیات سلوت سعید کی انتظامی نگرانی اور ڈی جی انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی پنجاب عبداللہ نیئر شیخ کی سربراہی میں صنعتی آلودگی، دھواں چھوڑنے والے بھٹوں، پلاسٹک جلانے، ریسٹورنٹس کے دھویں اور گردوغبار کے خلاف مہم کو مؤثر بنایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں رواں سال 80 ہزار 594 بھٹوں کا معائنہ کیا گیا، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ تعداد 37 ہزار 838 تھی۔ رواں سال ایک ہزار 372 بھٹے مسمار کیے گئے اور 864 بھٹے سیل کیے گئے، جبکہ بھٹہ مالکان کے خلاف ایک ہزار 190 مقدمات درج کرکے 16 کروڑ 33 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

صنعتی آلودگی کے خلاف کارروائیوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ رواں سال 47 ہزار 643 صنعتی یونٹس کا معائنہ کیا گیا، جو گزشتہ سال کے 38 ہزار 98 کے مقابلے میں کافی زیادہ ہے۔ ان کارروائیوں میں 374 یونٹس مسمار اور ایک ہزار 419 سیل کیے گئے۔ صنعتی خلاف ورزیوں پر جرمانوں کی رقم گزشتہ سال کے 10 کروڑ 14 لاکھ روپے سے بڑھ کر 21 کروڑ 69 لاکھ 85 ہزار روپے تک پہنچ گئی، تاہم اس شعبے میں درج مقدمات کی تعداد 502 سے کم ہوکر 244 رہ گئی۔

پلاسٹک آلودگی کے خلاف بھی کارروائیاں تیز کی گئیں۔ رواں سال 4 لاکھ 38 ہزار 159 کلوگرام پلاسٹک ضبط کیا گیا، جبکہ گزشتہ سال یہ مقدار 3 لاکھ 78 ہزار 630 کلوگرام تھی۔ پلاسٹک سے متعلق خلاف ورزیوں پر جرمانے 76 لاکھ 30 ہزار روپے سے بڑھ کر 3 کروڑ 42 لاکھ 10 ہزار روپے ہو گئے، جبکہ 3 ہزار 915 مقامات سیل کیے گئے۔ گردوغبار کی روک تھام کے لیے 310 مقامات پر مسٹ اسپرنکلرز نصب کیے گئے اور 842 نوٹس جاری کیے گئے۔

ریسٹورنٹس، بالخصوص باربی کیو پوائنٹس سے خارج ہونے والے دھویں کو کنٹرول کرنے کے لیے سکشن ہڈز کی تنصیب کی مہم بھی جاری ہے۔ رواں سال 9 ہزار 802 ریسٹورنٹس کا دورہ کیا گیا، 3 ہزار 750 سکشن ہڈز نصب کرائے گئے اور ایک ہزار 263 کاروباری مراکز سیل کیے گئے۔ نومبر کے پہلے دس روز میں بھی یہ کارروائیاں جاری رہیں، جن کے دوران 3 ہزار 733 بھٹوں کا معائنہ کیا گیا، 44 مسمار اور 57 سیل کیے گئے، جبکہ 38 مقدمات درج کرکے ایک کروڑ 29 لاکھ 50 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

اب تک کی کہانی سیلاب اور موسم

  1. پاکستان ریلوے: لاہور۔فیصل آباد سیکشن پر 15 نومبر سے ٹرینیں بحال
  2. لاہور فیصل آباد ریلوٹ پر ٹرین سروس 15 نومبر سے بحال ہوگی
  3. ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کے لیے قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے 50 کروڑ ڈالر کی ہنگامی معاونت کی منظوری
  4. خیبر پختونخوا میں بارش اور برفباری سے سردی میں غیر معمولی اضافہ، چترال میں لکڑی اور گیس کی قلت
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
پنجابسیلاب اور موسمعبداللہ نیئر شیخپنجاب ماحولیاتی تحفظ ایجنسیمحکمہ تحفظ ماحولیات پنجابسلوت سعیداسموگ

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں