around.pk
Wednesday, 11 November 2026
☀ کراچی 23°☀ لاہور 20°⛅ اسلام آباد 17°
پاکستان

کوہاٹ میں دہشت گرد حملہ: وزیراعظم شہباز شریف کا 10 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہارِ افسوس

وزیراعظم شہباز شریف نے کوہاٹ کے علاقے دارہ بکاخ میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے 10 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور شہداء کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

around.pk·12m ago

وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے علاقے کوہاٹ میں دارہ بکاخ کے مقام پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس میں خیبرپختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر دہشت گردی کے خلاف فرض شناسی اور بہادری کی مثال قائم کرنے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے امن و سلامتی کے لیے جان قربان کرنے والے پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں اور پوری قوم ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

وزیراعظم نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) حیدر زمان سمیت تمام شہداء کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے فرض شناسی، جرأت اور بہادری کی عظیم مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس نے بے مثال قربانیاں دی ہیں جنہیں تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔

وزیراعظم نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

شہباز شریف نے دہشت گردوں کے خلاف جوابی کارروائی میں 18 خوارج کی ہلاکت کو خیبرپختونخوا پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور دہشت گردی کے خلاف غیرمتزلزل عزم کا مظہر قرار دیا۔ ان کے مطابق جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کا گٹھ جوڑ ملک میں بدامنی پھیلانے کی مذموم کوشش ہے تاہم ایسے عناصر کو ان کے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکار جس جرأت اور ثابت قدمی سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں وہ قابل تحسین ہے اور پوری قوم اس جنگ میں اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے امن و استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت پُرعزم ہے۔

اب تک کی کہانی کوہاٹ

  1. کوہاٹ میں شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا، گورنر خیبرپختونخوا سمیت اعلیٰ حکام شریک
  2. کوہاٹ میں غیر قانونی پلیسر گولڈ مائننگ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 94 کلومیٹر علاقہ کلیئر
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
خیبر پختونخواشہباز شریفدہشت گردی اور سیکیورٹیکوہاٹخیبرپختونخوا پولیسڈی ایس پی حیدر زماندارہ بکاخ

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں