around.pk
Friday, 13 November 2026
⛅ کراچی 31°⛅ لاہور 26°🌦 اسلام آباد 19°
کاروبار

ایف بی آر کا پیک شدہ چائے کی پیداوار پر الیکٹرانک نگرانی لازمی قرار دینے کا فیصلہ

ایف بی آر نے چائے کی پیداوار اور فروخت کی نگرانی اور ٹیکس چوری روکنے کے لیے ہر ریٹیل پیک پر مشین سے پڑھا جانے والا بارکوڈ لازمی قرار دیا ہے، جبکہ تمام مینوفیکچررز اور پیکرز کو 10 دسمبر تک مانیٹرنگ سسٹم نصب کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

around.pk·24m ago

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پیک شدہ چائے کی پیداوار اور فروخت کی نگرانی کے لیے الیکٹرانک مانیٹرنگ سسٹم لازمی قرار دیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد چائے کے کاروبار میں ٹیکس چوری کو روکنا اور پیداوار کے اعداد و شمار کو شفاف بنانا ہے۔ اس سلسلے میں ایف بی آر نے سیلز ٹیکس جنرل آرڈر جاری کر دیا ہے، جس کے تحت چائے کے ہر ریٹیل پیک پر مشین سے پڑھا جانے والا بارکوڈ لگانا لازمی ہوگا۔

نئی ہدایات کے مطابق ملک بھر میں چائے کی تیاری، مختلف اقسام کی آمیزش اور ریٹیل پیکنگ میں مصروف تمام رجسٹرڈ اداروں، بشمول ٹول اور کنٹریکٹ پیکرز، کو 10 دسمبر تک مقررہ الیکٹرانک پروڈکشن مانیٹرنگ سسٹم نصب اور فعال کرنا ہوگا۔ یہ احکامات بلیک ٹی، گرین ٹی، فلیورڈ ٹی، ٹی بیگز، انسٹنٹ ٹی، چائے کے عرق اور چائے پر مشتمل مختلف پری مکسز سمیت ہر قسم کی پیک شدہ چائے پر لاگو ہوں گے۔

ایف بی آر کے مطابق ہر مینوفیکچرنگ اور پیکنگ یونٹ کی ہر پیکنگ لائن پر مناسب ہارڈویئر اور سافٹ ویئر نصب کیا جائے گا، جو ہر ریٹیل پیک پر موجود بارکوڈ اسکین کرکے اس کی شناخت اور تعداد کا ریکارڈ مرتب کرے گا۔ چائے کی پیداوار اور پیکنگ کا ڈیٹا فوری طور پر ایف بی آر کو منتقل ہوگا اور الیکٹرانک نگرانی کے بغیر پیکجڈ چائے فیکٹری سے باہر نہیں لے جائی جا سکے گی۔

کمپنیوں کو ہر برانڈ، وزن اور پیکنگ کے لیے الگ بارکوڈ رجسٹر کرانا ہوگا اور یہ رجسٹریشن ایف بی آر کے منظور شدہ وینڈر کے پاس کرائی جائے گی۔ نئی مصنوعات یا موجودہ مصنوعات میں کسی تبدیلی کی صورت میں تفصیلات پیکنگ سے کم از کم سات روز قبل رجسٹر کرانا ضروری ہوگا۔ جن اداروں کی مصنوعات پر بارکوڈ موجود نہیں یا ایک ہی بارکوڈ مختلف مصنوعات کے لیے استعمال ہو رہا ہے، انہیں حکم کے اجرا کے 15 دن کے اندر ہر منفرد پروڈکٹ کے لیے الگ بارکوڈ مختص کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

بارکوڈ کو پیکٹ پر نمایاں اور اسکین کے قابل جگہ پر پرنٹ یا پائیدار لیبل کے ذریعے چسپاں کرنا ہوگا، جبکہ برانڈ، آمیزش، وزن، پیکنگ کی قسم، ریٹیل قیمت، بارکوڈ نمبر اور پیکٹ کی تصویر سمیت تمام تفصیلات رجسٹر کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ بارکوڈ ہٹانے، چھپانے یا تبدیل کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

دستی طریقے سے پیکنگ کرنے والی کمپنیوں کو بھی کنویئر یا مخصوص اسکیننگ پوائنٹ قائم کرنا ہوگا تاکہ ہر پیکٹ کی گنتی اور مانیٹرنگ ممکن ہو سکے۔ غیر رجسٹرڈ بارکوڈ والے چائے کے پیکٹ تیار کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، جس سے چائے کی صنعت میں پیداوار اور فروخت کی ریکارڈنگ زیادہ منظم ہونے کی توقع ہے۔

اب تک کی کہانی فیڈرل بورڈ آف ریونیو

  1. ایف بی آر کا انکم ٹیکس گوشواروں کی خودکار جانچ کا نیا نظام متعارف
  2. غیر قانونی سگریٹس کی فروخت میں کمی، ٹیکس وصولی 329 ارب روپے تک پہنچ گئی
  3. ایف بی آر کا تاخیر سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کو سرچارج کے بغیر اے ٹی ایل میں شامل کرنے کا فیصلہ
  4. ایف بی آر کا برآمد کنندگان کی بلیک لسٹنگ کے مسائل حل کرنے کا اعادہ
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
ٹیکسایف بی آرفیڈرل بورڈ آف ریونیوبلیک ٹیگرین ٹیسیلز ٹیکس جنرل آرڈرٹی بیگز

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں