وفاقی ٹیکس محتسب کا سائبر فراڈ کا انکشاف: جعلی انوائسز سے کروڑوں روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز
وفاقی ٹیکس محتسب نے ایک ٹیکس دہندہ کے آئی آر آئی ایس اکاؤنٹ تک غیر مجاز رسائی، جعلی انوائسز اور فرضی سپلائیز کے ذریعے کروڑوں روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز کا انکشاف کرتے ہوئے ایف بی آر، پرال اور ایس ای سی پی کو نظام کی خامیوں کی اصلاح کی ہدایت کی ہے۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) ظفر حجازی نے سیلز ٹیکس فراڈ کے ایک اہم مقدمے کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ سائبر جرائم پیشہ عناصر نے ایک ٹیکس دہندہ کے آئی آر آئی ایس اکاؤنٹ تک غیر مجاز رسائی حاصل کرکے جعلی انوائسز اور فرضی سپلائیز کے ذریعے کروڑوں روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز کیں۔ تحقیقات کے مطابق شکایت کنندہ کے اکاؤنٹ سے مسلسل دو ٹیکس ادوار کے جعلی گوشوارے جمع کرائے گئے، جن میں ایسی سپلائیز دکھائی گئیں جن کا حقیقت میں کوئی کاروباری لین دین موجود نہیں تھا۔
تحقیقاتی ریکارڈ کے مطابق اس مقصد کے لیے وی پی این کنکشنز استعمال کیے گئے، جبکہ ریکارڈ شدہ آئی پی ایڈریسز انڈونیشیا اور متحدہ عرب امارات کے مقامات کی نشاندہی کرتے ہیں۔ تاہم تکنیکی شواہد کے ذریعے اصل ملزمان کی حتمی شناخت ممکن نہیں ہو سکی۔ ایف ٹی او نے کارپوریٹ رجسٹریشن، سیلز ٹیکس اندراج اور ڈیجیٹل ٹیکس نظام میں موجود متعدد انتظامی اور تکنیکی خامیوں کی بھی نشاندہی کی ہے۔
مقدمے کی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ ایک نئی قائم شدہ پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی نے ایس ای سی پی میں رجسٹریشن کے اگلے ہی دن سیلز ٹیکس رجسٹریشن حاصل کرلی، مگر اس کی کاروباری اہلیت اور مطلوبہ دستاویزات کی مؤثر جانچ نہیں کی گئی۔ کمپنی نے کاروباری مقام، یوٹیلیٹی بلز اور ملکیت یا کرایہ داری کے ثبوت کے بجائے ایک ہی رجسٹریشن دستاویز مختلف تقاضوں کے تحت اپ لوڈ کی، جسے خودکار نظام نے مناسب تصدیق کے بغیر قبول کرلیا۔ ایف ٹی او نے یہ بھی نوٹ کیا کہ سیلز ٹیکس رولز 2006ء کے رول 5 کا طریقہ کار تمام اقسام کے کارپوریٹ اداروں کا مؤثر احاطہ نہیں کرتا۔
فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ زیرِ بحث کمپنی ایک دوسرے جعلی انوائس کیس میں بھی مستفید ادارے کے طور پر سامنے آئی۔ شکایت کنندہ کے بینک اسٹیٹمنٹس اور مالیاتی ریکارڈ سے ثابت ہوا کہ متنازع سپلائیز کی کوئی ادائیگی وصول نہیں ہوئی، جبکہ وزارت دفاع اور حکومت سندھ کے محکمہ صحت سے منسوب لین دین بھی متعلقہ اداروں کے خریداری ریکارڈ میں موجود نہیں تھے۔ ان جعلی ٹرانزیکشنز کے نتیجے میں شکایت کنندہ کے سابقہ ادوار کا ان پٹ ٹیکس کریڈٹ استعمال کرلیا گیا، جس سے اسے غیر ضروری ٹیکس واجبات کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا۔
وفاقی ٹیکس محتسب نے ایف بی آر کو ہدایت کی ہے کہ جعلی اور فلائنگ انوائسز سے مستفید ہونے والے اداروں کے خلاف سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے سیکشن 11E اور سیلز ٹیکس جنرل آرڈر نمبر 12 آف 2023 کے تحت رجسٹریشن کی معطلی، بلیک لسٹنگ اور ٹیکس وصولی سمیت قانونی کارروائی کی جائے۔ سائبر فراڈ کے اصل ملزمان اور جعلی سپلائی چین کے دیگر مستفید افراد کی نشاندہی کے لیے سیکشن 37A بمعہ سیکشن 2(37) کے تحت جامع فوجداری تحقیقات کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
ایف ٹی او نے سیلز ٹیکس رولز 2006ء کے رول 5 میں ضروری ترامیم تجویز کرنے کے لیے کمیٹی بنانے، رجسٹریشن کے بعد لازمی تصدیق کے لیے 30 روز کی مدت مقرر کرنے، فارم 181 کے ذریعے ڈائریکٹرز کی تبدیلیوں کی تصدیق بہتر بنانے اور نئی رجسٹرڈ کمپنیوں کی سہ ماہی بنیادوں پر جانچ پڑتال کی ہدایت کی ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ ایک سال کے دوران جعلی انوائسز میں ملوث کمپنیوں کا ملک گیر جائزہ لینے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (پرال) کو آئی آر آئی ایس پورٹل کی سیکیورٹی مضبوط بنانے کے لیے ملٹی فیکٹر آتھنٹیکیشن، بائیومیٹرک تصدیق، اہم پروفائل تبدیلیوں کے لیے سپروائزری منظوری اور مشکوک گوشواروں کی نشاندہی کے لیے خودکار آئی پی مانیٹرنگ اور ویلیڈیشن کا نظام متعارف کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایف بی آر، پرال اور ایس ای سی پی کے درمیان معلومات کے تبادلے اور ریکارڈ کی باہمی تصدیق کا مربوط نظام قائم کرنے پر بھی زور دیا گیا، جبکہ متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو کو شکایت کنندہ کے سابقہ ادوار کے ان پٹ ٹیکس کریڈٹ کی بحالی پر غور کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، البتہ اس کے لیے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن سے شکایت کنندہ کے فراڈ میں ملوث نہ ہونے کی تصدیق ضروری قرار دی گئی ہے۔
اب تک کی کہانی آئی آر آئی ایس
- ایف بی آر کا انکم ٹیکس گوشواروں کی خودکار جانچ کا نیا نظام متعارف
- ایف بی آر کا تاخیر سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کو سرچارج کے بغیر اے ٹی ایل میں شامل کرنے کا فیصلہ
- ایف بی آر کا ٹیکس دہندگان کے لیے آئی آر آئی ایس سسٹم میں نئی سہولت کا اعلان










