ایران نے ڈرٹی بم الزام کو مسترد کرتے ہوئے امریکا پر جنگ کا بہانہ تلاش کرنے کا الزام عائد کردیا
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے واشنگٹن میں ڈرٹی بم حملے کی مبینہ منصوبہ بندی کے امریکی الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے الزامات کا مقصد امریکا کو ایران کے خلاف جنگ کے لیے جواز فراہم کرنا ہے۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
ایران نے واشنگٹن میں مبینہ ڈرٹی بم حملے کی منصوبہ بندی سے متعلق امریکی الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ الزام محض ایک نیا بہانہ ہے جس کا مقصد ایران کے خلاف کارروائی کے لیے جواز پیدا کرنا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے تسنیم نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام نے جوہری ہتھیاروں سے متعلق بے بنیاد الزامات کے بعد اب ڈرٹی بم حملے کا نیا الزام عائد کرنا شروع کردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے الزامات کا اصل مقصد امریکی حکومت کو ایران کے خلاف غیر قانونی اور ناجائز جنگ شروع کرنے پر عوامی احتساب سے بچانا ہے۔ انھوں نے یہ بیان ایسے وقت میں دیا جب امریکی خفیہ اداروں کے حوالے سے میڈیا میں یہ دعویٰ سامنے آیا کہ ایران واشنگٹن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو نشانہ بنانے کے ممکنہ منصوبے پر کام کر رہا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی ایک رپورٹ میں سات امریکی حکام کے حوالے سے بتایا گیا کہ مبینہ منصوبے میں تابکار مواد سے تیار کردہ ڈرٹی بم یا کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کا امکان بھی شامل ہے۔ تاہم رپورٹ کے مطابق امریکی حکام میں اس بات پر اختلاف پایا جاتا ہے کہ ایران ایسا حملہ کرنے کی صلاحیت یا ارادہ رکھتا بھی ہے یا نہیں۔
امریکی وائٹ ہاؤس نے کہا تھا کہ ممکنہ خطرات کی نگرانی جاری ہے، تاہم اس وقت امریکا کو کوئی قابلِ اعتبار خطرہ درپیش نہیں۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی واشنگٹن پر کسی فوری حملے کے خطرے کی تصدیق نہیں کی تھی۔
واضح رہے کہ ڈرٹی بم ایک ایسا آلہ ہے جس میں روایتی دھماکہ خیز مواد کے ساتھ تابکار مادہ شامل کیا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کا بنیادی مقصد دھماکے سے زیادہ خوف اور ردِعمل پیدا کرنا ہوتا ہے، اور اسے عام طور پر بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والا ہتھیار نہیں سمجھا جاتا۔
ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے اس دور میں دونوں فریقوں کے بیانات بین الاقوامی سطح پر زیرِ بحث ہیں، جبکہ سفارتی مبصرین کے مطابق ایسے الزامات اور جوابی بیانات خطے کی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنانے کا سبب بن سکتے ہیں۔
اب تک کی کہانی سی این این
- امریکا کا ایران پر ڈرٹی بم حملے کی منصوبہ بندی کا الزام، ایران نے مسترد کر دیا
- امریکی میڈیا کا ایران پر واشنگٹن میں ڈرٹی بم حملے کی منصوبہ بندی کا الزام، تہران نے مسترد کر دیا
- ٹرمپ کا ایران کے ساتھ دوبارہ جنگ کے امکان کو انتہائی کم قرار دینے کا اعلان











