بجلی تقسیم کار کمپنیاں کرپشن رسک میں سرفہرست، ایف بی آر دوسرے نمبر پر
وفاقی حکومت کی کرپشن رسک سے متعلق قومی جائزہ رپورٹ جاری، بجلی تقسیم کار کمپنیاں سب سے زیادہ رسک والے ادارے قرار، ایف بی آر دوسرے اور سی ڈی اے تیسرے نمبر پر۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
وفاقی حکومت نے کرپشن کے خطرات سے متعلق قومی جائزہ رپورٹ جاری کردی ہے، جس کے مطابق کسی بھی ادارے کو انتہائی زیادہ رسک والے درجے میں شامل نہیں کیا گیا۔ تاہم بجلی تقسیم کار کمپنیاں سب سے زیادہ رسک والے اداروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر رہیں، جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) دوسرے اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) تیسرے نمبر پر ہے۔
رپورٹ کے مطابق ادارہ جاتی سطح پر مجموعی طور پر 56 اقسام، حکمرانی سے متعلق 10 کراس کٹنگ اقسام اور 18 ریگولیٹری اقسام کی نشاندہی کی گئی ہے۔ کسی بھی ادارے کو ویری ہائی یا ایکسٹریملی ہائی رسک بینڈ میں نہیں رکھا گیا، البتہ بجلی تقسیم کار کمپنیاں واحد ادارہ جاتی گروپ ہیں جو ہائی رسک بینڈ میں شامل ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق بجلی تقسیم کار کمپنیوں کا اسکور 61.1 رہا، جو سب سے زیادہ ہے۔ اس کے بعد ایف بی آر 54.4 اسکور کے ساتھ دوسرے، سی ڈی اے 49.5 اسکور کے ساتھ تیسرے، پاکستان اسٹیل ملز (پاسکو) 47.1 اسکور کے ساتھ چوتھے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) 43.4 اسکور کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
سب سے زیادہ رسک والے دس اداروں میں پاکستان ریلوے 41.1 اسکور کے ساتھ چھٹے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) 40.1 اسکور کے ساتھ ساتویں، پاکستان پوسٹ 39.9 اسکور کے ساتھ آٹھویں، سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) 39.3 اسکور کے ساتھ نویں اور ایجوکیشن ٹیسٹنگ پروگرام (ای ٹی پی بی) 39.3 اسکور کے ساتھ دسویں نمبر پر شامل ہیں۔
یہ جائزہ رپورٹ حکومتی اداروں میں کرپشن کے خطرات کی نشاندہی اور شفافیت کے فروغ کے لیے تیار کی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس طرح کی تشخیص اداروں کو اصلاحات، مضبوط اندرونی کنٹرول اور احتساب کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتی ہے۔
واضح رہے کہ رپورٹ میں اداروں کی درجہ بندی رسک کے پیمانے پر کی گئی ہے، جس کا مقصد خطرات کا قبل از وقت اندازہ لگا کر انہیں کم کرنا ہے۔ حکومت کی جانب سے اس رپورٹ کو پالیسی سازی اور ادارہ جاتی اصلاحات کی بنیاد کے طور پر استعمال کرنے کا امکان ہے۔
اب تک کی کہانی کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی
- اسلام آباد ہائیکورٹ: ون کنسٹیٹیوشن ایونیو کیس میں بی این پی کمپنی کی درخواست واپس
- اسلام آباد ہائی کورٹ کا سی ڈی اے کو 15 روز میں نادرا ای بیلٹنگ مکمل کرنے کا حکم
- اسلام آباد میں مدارس کی عمارتوں کو تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزی پر سی ڈی اے کے نوٹس










