جنوبی پنجاب میں خشک سالی کا خدشہ، پی ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا
پی ڈی ایم اے پنجاب نے دسمبر 2026 سے فروری 2027 تک معمول سے کم بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر خشک سالی کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
پنجاب کے جنوبی اضلاع میں خشک سالی کے خدشے کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمے کے مطابق دسمبر 2026 سے فروری 2027 کے دوران معمول سے کم بارشوں کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں خشک موسم برقرار رہ سکتا ہے اور زرعی زمینوں میں نمی کی کمی کے ساتھ آبی وسائل پر دباؤ بڑھنے کا خطرہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے اس سلسلے میں محکمہ لوکل گورنمنٹ، زراعت، آبپاشی، ماحولیات، صحت، لائیو اسٹاک، جنگلات، تعلیم، ریسکیو 1122 اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو مراسلے جاری کر دیے ہیں۔ کمشنرز بہاولپور، سرگودھا اور ڈیرہ غازی خان کے علاوہ متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد خضر افضال کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر تمام متعلقہ محکموں کو خشک سالی کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز میں چوبیس گھنٹے عملے کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے اور پی ڈی ایم اے اور متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری برقرار رکھی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خشک سالی سے متاثر ہونے کے خدشے والے علاقوں اور حساس آبادیوں کا مکمل ڈیٹا بیس تیار کیا جائے تاکہ ضرورت پڑنے پر بروقت امدادی اقدامات کیے جا سکیں۔ عوام میں پانی کے تحفظ سے متعلق آگاہی مہم چلانے اور مقامی سطح پر پانی بچانے کے اقدامات کو فروغ دینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
محمد خضر افضال نے کہا کہ حساس علاقوں میں مویشیوں کے تحفظ کے لیے ادویات اور چارے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے جبکہ محکمہ لائیو اسٹاک، زراعت اور دیگر متعلقہ ٹیمیں فیلڈ میں موجود رہیں اور صورتحال سے متعلق ڈیٹا مسلسل اپ ڈیٹ کرتی رہیں۔ ضلعی انتظامیہ کو زیادہ حساس علاقوں میں اضافی عملہ اور ضروری وسائل تعینات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ریسکیو 1122 اور اسپتالوں میں ادویات کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ خشک سالی کے خدشے اور اس کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ متاثرہ علاقوں میں زراعت، مویشیوں اور شہریوں کو درپیش مشکلات کو کم سے کم کیا جا سکے۔
اب تک کی کہانی بہاولپور
- احمد پور شرقیہ میں خوفناک سڑک حادثہ، 7 افراد جاں بحق
- وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کی حمایت کا اعلان
- پنجاب میں کینسر کے مریضوں کے لیے مفت ادویات کی فراہمی متاثر، خون کے کینسر کے مریض پانچ ماہ سے ادویات سے محروم
- بہاولپور، این اے 168 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ آج شروع









