یوکرین جنگ: روسی ہلاکتوں کا دعویٰ 7 لاکھ 20 ہزار تک، کریملن نے اعداد و شمار مسترد کردیے
یوکرین جنگ میں روسی فوجیوں کی ہلاکتوں کے حوالے سے لیک ہونے والے اعداد و شمار نے نئے دعوے کو جنم دیا ہے، تاہم کریملن نے کہا ہے کہ صرف وزارت دفاع ہی اس حوالے سے مستند معلومات جاری کرسکتی ہے۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
یوکرین پر روس کے فروری 2022 میں شروع ہونے والے حملے کے بعد سے اب تک روسی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد سات لاکھ سے تجاوز کرنے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔ روسی اور بین الاقوامی میڈیا اداروں کی جانب سے لیک ہونے والے سرکاری ڈیٹا کے تجزیے میں ہلاکتوں کی تعداد چار لاکھ ستر ہزار سے سات لاکھ کے درمیان بتائی گئی ہے، جبکہ بعض اندازوں کے مطابق لاپتا فوجیوں کو بھی شامل کرنے پر یہ تعداد سات لاکھ بیس ہزار سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔
روسی اپوزیشن میڈیا اداروں ’میڈیا زونا‘ اور ’میڈوزا‘ کے مطابق روسی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار سے ستمبر کے اختتام تک تقریباً چار لاکھ نوے ہزار فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوتی ہے۔ تاہم جنگ میں لاپتا قرار دیے گئے ان فوجیوں کو بھی شامل کیا جائے جن کے ہلاک ہونے کا قوی امکان ہے تو مجموعی تعداد سات لاکھ بیس ہزار سے زیادہ بنتی ہے۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ تجزیہ روسی ادارہ شماریات کے ہیک کیے گئے ڈیٹا، اموات کے اندراج میں تاخیر اور لاپتا فوجیوں کے رشتہ داروں کی جانب سے شائع کیے گئے تلاش کے اشتہارات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ اندازہ ہے کہ تقریباً دو لاکھ تیس ہزار ایسی اموات بھی ہوچکی ہیں جنہیں تاحال سرکاری طور پر رپورٹ نہیں کیا گیا۔
اس حوالے سے کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے بدھ کو کہا کہ فوجی ہلاکتوں کے اعداد و شمار باضابطہ طور پر جاری کرنے کا اختیار صرف روسی وزارت دفاع کو حاصل ہے۔ انہوں نے دیگر ذرائع سے سامنے آنے والے اعداد و شمار کو نظرانداز کرنے کا مشورہ دیا۔ واضح رہے کہ روس نے ستمبر 2022 کے بعد اپنی فوج کی ہلاکتوں کی سرکاری تعداد جاری نہیں کی۔ اس وقت ماسکو نے جنگ کے پہلے چھ ماہ میں تقریباً چھ ہزار فوجیوں کی ہلاکتوں کا اعتراف کیا تھا، تاہم اس تعداد کو بھی بڑے پیمانے پر اصل ہلاکتوں سے کم قرار دیا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق روس نے فوج میں بھرتی کے لیے کم آمدنی والے علاقوں کے افراد کو بھاری مالی مراعات دیں، جیلوں میں قید افراد کو رہائی کے بدلے فوج میں شامل کیا اور تین لاکھ سے زائد افراد کو جبری طور پر فوج میں بھرتی کیا۔ اس کے علاوہ بیرون ملک سے بھی ہزاروں افراد کو بھرتی کرنے کے الزامات سامنے آئے ہیں، جبکہ شمالی کوریا نے بھی روسی فوج کی مدد کے لیے اپنے ہزاروں فوجی بھیجے۔
دوسری جانب یوکرینی فوج کو بھی بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ صدر ولادیمیر زیلنسکی نے جولائی میں تقریباً پچاس ہزار یوکرینی فوجیوں کی ہلاکتوں کا بتایا تھا، جبکہ امریکی ادارے سینٹر فار اسٹریٹجک اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز نے اسی ماہ ہلاک ہونے والے یوکرینی فوجیوں کی تعداد ایک لاکھ پچیس ہزار سے ایک لاکھ پچاس ہزار کے درمیان اور روسی فوجیوں کی ہلاکتیں تقریباً چار لاکھ پچاس ہزار بتائی تھیں۔
ادھر برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی فضائیہ نے ڈرون حملوں کے خطرے کے پیش نظر رات کے وقت اپنے جنگی طیارے ہینگرز اور محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل کرنا شروع کردیے ہیں۔ رائل ایئر فورس ایسے طیاروں کے گرد ڈرون مخالف حفاظتی جال لگانے کا منصوبہ بھی بنا رہی ہے جو کھلی جگہوں پر موجود رہتے ہیں۔ برطانوی خفیہ ادارے ایم آئی 5 اور وزارت دفاع نے رواں ماہ یوکرین کی مدد کرنے والے برطانوی فوجی سازوسامان کے سپلائرز کو روس کی جانب سے تخریب کاری کی بڑھتی ہوئی کوششوں سے خبردار بھی کیا تھا۔
اب تک کی کہانی کریملن
- وزیراعظم شہباز شریف کا دورۂ روس: تجارت، توانائی اور سرمایہ کاری میں بڑی پیش رفت متوقع
- شی جن پنگ اور پیوٹن کی دو گھنٹے سے زائد ملاقات، تجارت، سائنس اور ٹیکنالوجی میں تعاون پر تبادلہ خیال
- یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی وفد کی ماسکو میں پیوٹن سے اہم ملاقات










