ایف بی آر کا انکم ٹیکس اپیلوں کے لیے فیس لیس نظام متعارف کرانے کا فیصلہ
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے انکم ٹیکس اپیلوں کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور فیس لیس بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت اپیلیں ای پورٹل پر دائر ہوں گی اور سماعتیں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہوں گی۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس اپیلوں کے لیے فیس لیس نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ایف بی آر نے انکم ٹیکس رولز 2002 میں نئی ترامیم جاری کر دی ہیں، جن کے تحت اپیلز ونگ کے قیام اور فیس لیس اپیلوں کے لیے ایک نیا باب شامل کیا گیا ہے۔ نئے نظام کے مطابق انکم ٹیکس اپیلوں کی سماعت اب ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کی جائے گی۔
ترامیم کے تحت انکم ٹیکس اپیلیں ایف بی آر کے ای پورٹل کے ذریعے دائر کی جائیں گی، جبکہ اپیلوں کی تقسیم خودکار، رینڈم اور متحرک نظام کے تحت ہوگی۔ اس نظام میں اپیل سننے والے کمشنر اپیلز کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی؛ سماعت کے دوران کمشنر اپیلز کا چہرہ دکھائی نہیں دے گا اور ان کی آواز بھی تبدیل کی جائے گی۔ اسی طرح اپیل کنندگان اور متعلقہ حکام کی ذاتی پیشی پر بھی پابندی عائد ہوگی۔
نئے فریم ورک کے تحت اپیلوں سے متعلق تمام نوٹسز، جوابات، دلائل اور شواہد الیکٹرونک طریقے سے جمع کیے جائیں گے۔ اپیل کنندگان کو یہ اختیار بھی حاصل ہوگا کہ وہ تحریری دلائل کی بنیاد پر فیصلہ کرانے کی درخواست کر سکیں۔ جن افراد کے پاس انٹرنیٹ تک رسائی نہیں ہے، وہ اپنے قریبی فیلڈ آپریشنز ونگ میں سماعت میں شرکت کر سکیں گے۔
ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ آڈٹ، اسیسمنٹ یا متنازع حکم جاری کرنے والا افسر خود اپیل کا فیصلہ نہیں کر سکے گا۔ اپیلز ونگ ایف بی آر کے ممبر لیگل ان لینڈ ریونیو کے انتظامی کنٹرول میں کام کرے گا اور سینٹر کا کوئی بھی افسر کمشنر اپیلز کو اپیل کے فیصلے سے متعلق ہدایات جاری نہیں کر سکے گا۔
اپیلوں کے فیصلے ڈیجیٹل شناختی نمبر (DIN) کے ساتھ جاری کیے جائیں گے، جبکہ ای پورٹل کی تکنیکی خرابی کی وجہ سے اپیل دائر کرنے میں ہونے والی تاخیر کو معقول وجہ تصور کیا جائے گا۔ سماعت شروع ہونے کے بعد اپیل کی منتقلی کے لیے تحریری وجوہ ریکارڈ کرنا لازمی ہوگا، اور اپیل کی منتقلی کی درخواست دینے کی صورت میں اپیل کنندہ کو ازسرنو سماعت کا حق حاصل ہوگا۔
نئے نظام کا اطلاق ایف بی آر کی جانب سے سرکاری گزٹ میں مقرر کردہ تاریخ سے ہوگا اور مختلف نوعیت کی اپیلوں کے لیے نفاذ کی الگ الگ تاریخیں بھی مقرر کی جا سکیں گی۔ پہلے سے زیر التوا اپیلیں متعلقہ کمشنر اپیلز ہی نمٹائیں گے، تاہم بورڈ انہیں سینٹر منتقل کر سکے گا۔ متاثرہ ٹیکس دہندگان کا اپیلیٹ ٹربیونل میں براہ راست اپیل دائر کرنے کا اختیار بھی برقرار رہے گا۔
اب تک کی کہانی انکم ٹیکس رولز 2002
- ایف بی آر کا انکم ٹیکس گوشواروں کی خودکار جانچ کا نیا نظام متعارف
- ایف بی آر کا تاخیر سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کو سرچارج کے بغیر اے ٹی ایل میں شامل کرنے کا فیصلہ









