وزیراعظم شہباز شریف نے جعلی ادویات کی شناخت کے لیے ’محفوظ دوا‘ ایپ کا اجرا کر دیا
’محفوظ دوا‘ موبائل ایپ کے ذریعے شہری ادویات کے پیکٹ پر موجود بار کوڈ اسکین کر کے چند سیکنڈ میں دوا کی اصلیت، سرکاری قیمت اور میعاد کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں گے، جبکہ جعلی یا مشکوک ادویات کے خلاف شکایت بھی درج کر سکیں گے۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں جعلی، غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ ادویات کی روک تھام اور عوام تک معیاری ادویات کی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے ’محفوظ دوا‘ نامی موبائل ایپلی کیشن کا اجرا کر دیا ہے۔ اس ایپ کے ذریعے شہری اپنے موبائل فون سے دوا کے پیکٹ پر موجود منفرد بار کوڈ اسکین کر کے چند سیکنڈ کے اندر تقریباً 92 ہزار ادویات کی اصلیت، سرکاری قیمت، دستیابی اور تاریخِ میعاد سے متعلق معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
تقریب کے دوران وزیراعظم نے خود بھی ’محفوظ دوا‘ ایپ کے ذریعے ایک دوا کے پیکٹ کو اسکین کر کے اس کی اصلیت کی تصدیق کی۔ ایپ کے طریقہ کار کے مطابق بار کوڈ اسکین کرنے پر اگر موبائل اسکرین کا رنگ سبز ہو جائے تو دوا اصل اور معیاری تصور کی جائے گی، جبکہ اسکرین کے سرخ ہونے کی صورت میں متعلقہ دوا جعلی یا غیر معیاری قرار پائے گی۔ شہری اس ایپ کے ذریعے جعلی، غیر معیاری، زائد قیمت پر فروخت ہونے والی یا مشکوک ادویات کے خلاف شکایات بھی درج کرا سکیں گے۔
اس منصوبے کے تحت ڈریپ کا جدید ڈیجیٹل ٹریک اینڈ ٹریس نظام بھی فعال کیا گیا ہے، جس کے ذریعے دوا کی تیاری سے لے کر مارکیٹ میں ترسیل تک مکمل نگرانی ممکن بنائی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد سپلائی چین کی شفافیت کو بہتر بنانا اور غیر معیاری ادویات کی فروخت کے امکانات کو کم کرنا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ’محفوظ دوا‘ ایپ کی تیاری پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور ڈریپ کے سی ای او کو مبارک باد دی اور ہدایت کی کہ وزارت اطلاعات کے تعاون سے اس ایپ کا پیغام گھر گھر پہنچانے کے لیے ایک مؤثر آگاہی مہم شروع کی جائے۔ انہوں نے 2010 میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور میں ادویات کے استعمال سے ہونے والی اموات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعے سے سبق سیکھتے ہوئے عوامی خدمت کے لیے مؤثر اقدامات وقت کی ضرورت ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں لاکھوں خاندانوں کے لیے ادویات کا حصول ایک بڑا چیلنج ہے، اس لیے ادویات کی قیمتیں عام آدمی کی قوتِ خرید کے مطابق ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق، صوبوں اور فارماسیوٹیکل انڈسٹری کے باہمی تعاون سے عوام کو سستی اور معیاری ادویات کی فراہمی آسان بنائی جا سکتی ہے، اور یہ اقدام مریضوں کے تحفظ اور صحت کے نظام پر عوامی اعتماد کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جعلی ادویات کی شناخت کے لیے کوئی ہمہ گیر ڈیجیٹل نظام موجود نہیں تھا، اور عوام کو دوا کی اصلیت یا اس کی سرکاری قیمت کی تصدیق کے لیے کوئی آسان ذریعہ دستیاب نہیں تھا۔ ’محفوظ دوا‘ ایپ کو اس کمی کو پورا کرنے کے لیے ایک عوامی سہولت کے طور پر متعارف کرایا گیا ہے، جس سے صارفین کو اپنے موبائل فون پر ہی فوری معلومات حاصل ہو سکیں گی۔
اب تک کی کہانی ڈریپ
- فارمولا دودھ کے اشتہارات پر 24 نومبر سے پابندی کی ہدایت
- پاکستان بھر میں صرف 5 فیصد میڈیکل اسٹورز پر مستند فارماسسٹ موجود، رپورٹ
- اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈاکٹر اختر عباس کو فارمیسی کونسل کا اضافی چارج دینے کا نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دے دیا











