around.pk
Wednesday, 25 November 2026
☀ کراچی 24°☀ لاہور 18°☀ اسلام آباد 14°
صحت

کراچی کے سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد میں دس سال سے سی ٹی اسکین بند، پرزے چوری ہونے کا انکشاف

سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد میں گزشتہ دس برس سے سی ٹی اسکین کی سہولت بند ہے، جبکہ مشین کے قیمتی پرزے چوری کر کے نجی اسپتالوں کو فروخت کیے جانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کو بار بار خطوط لکھے گئے مگر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔

around.pk·10m ago

کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں واقع سندھ گورنمنٹ اسپتال میں گزشتہ دس برس سے سی ٹی اسکین کی سہولت غیر فعال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق یہ مشین 2016 میں خراب ہو کر بند ہو گئی تھی، اور اس کے بعد اس کی بحالی کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ طویل عرصے تک مشین کی عدم دیکھ بھال کے دوران اس کے اندرونی قیمتی پرزے، جن میں وائرنگ، سرکٹ، یو پی ایس، بیٹریاں اور دیگر ضروری سامان شامل ہے، مبینہ طور پر چوری کر کے نجی اسپتالوں کو فروخت کر دیے گئے۔ اس صورتحال کے باعث اب مشین کا صرف ڈھانچہ باقی رہ گیا ہے اور اسے دوبارہ فعال کرنا ممکن نہیں رہا۔

اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر ہارون نے بھی مشین کی طویل المدتی بندش کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی غیر فعالیت کے سبب سی ٹی اسکین روم کو تالا لگا دیا گیا ہے اور کمرے کے باہر لگا سی ٹی اسکین کی سہولت کا بورڈ بھی ہٹا دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل مریض بورڈ دیکھ کر سوال کرتے تھے کہ جب اسپتال میں یہ سہولت موجود ہی نہیں تو بورڈ کیوں آویزاں ہے۔

ڈاکٹر عامر ہارون کے مطابق مشین کی بحالی کے لیے ماضی میں محکمہ صحت کو متعدد بار خطوط لکھے جا چکے ہیں، تاہم اب تک کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپتال انتظامیہ خود بھی خواہش رکھتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ طبی سہولیات بحال ہوں تاکہ مریضوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

شہریوں کے مطابق اس سہولت کی عدم دستیابی کی وجہ سے مریضوں کو سی ٹی اسکین کے لیے سول اسپتال اور جناح اسپتال جانا پڑتا ہے، جبکہ ہنگامی حالات میں فوری تشخیص کی ضرورت کے پیش نظر بعض مریض نجی اسپتالوں اور تشخیصی مراکز سے بھاری اخراجات ادا کر کے اسکین کروانے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اسپتال میں یہ سہولت بحال ہونے سے لیاقت آباد اور گرد و نواح کے رہائشیوں کو بڑا ریلیف ملے گا۔

شہریوں نے محکمہ صحت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ مشین کے پرزوں کی مبینہ چوری کی تحقیقات کرائی جائیں اور اسپتال میں نئی سی ٹی اسکین مشین کی تنصیب کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ علاقے کے مریضوں کو دور دراز اسپتالوں یا مہنگے نجی مراکز کا رخ نہ کرنا پڑے۔

اب تک کی کہانی لیاقت آباد

  1. کراچی: سی آئی اے کا انسپکٹر شہری کے اغوا میں ملوث قرار، ساتھی سمیت گرفتار
  2. کراچی میں پولیس مقابلوں میں ایک ملزم ہلاک، سات گرفتار
  3. کراچی: کم عمر بچی کو ہراساں کرنے والے ملزم کو 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا
  4. لاہور میں 13 سالہ بچی کی شادی کی تقریب روک دی گئی، دولہا سمیت 6 افراد گرفتار
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
کراچیسندھصحتجناح اسپتاللیاقت آبادمحکمہ صحت سندھڈاکٹر عامر ہارونسندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں