پی آئی اے کی نئی انتظامیہ نے نیا تنظیمی ڈھانچہ جاری کر دیا
پی آئی اے کی نئی انتظامیہ نے انتظامی امور میں نئی ترتیب دیتے ہوئے تنظیمی ڈھانچہ تبدیل کر دیا۔
21 ستمبر 2026, 8:41 شام
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نئی انتظامیہ نے ایئرلائن کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد تنظیم نو کا عمل مکمل کر لیا ہے اور ادارے کا نیا تنظیمی ڈھانچہ جاری کر دیا ہے۔ اس نئے ڈھانچے میں مختلف شعبوں کے سربراہان کے عہدوں، ذمہ داریوں اور رپورٹنگ لائنز میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق نئے تنظیمی ڈھانچے کے تحت چیف ایئر وردی نیس کا نیا عہدہ تخلیق کیا گیا ہے جبکہ چیف ٹیکنیکل افسر کا عہدہ تبدیل کر کے اسے چیف آف مینٹنس کر دیا گیا ہے۔
اس ڈھانچے کے مطابق اب پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) براہ راست بورڈ آف ڈائریکٹرز کو رپورٹ کریں گے۔ نئے سسٹم میں جی ایم کارپوریٹ کمیونیکیشن اور برانڈ کی رپورٹنگ سی ای او کو کر دی گئی ہے جبکہ پہلے یہ چیف کمرشل افسر کو رپورٹ کرتے تھے۔ اسی طرح اسپیشل اسسٹنٹ ٹیکنیکل، اسپیشل اسسٹنٹ کمپلائنس، جی ایم سیفٹی اور جی ایم گورنمنٹ افیئرز بھی براہ راست سی ای او کو رپورٹ کریں گے۔
مزید براں، چیف آپریٹنگ افسر کو جی ایم فیسلیٹیز مینجمنٹ، جی ایم پیسنجر ہینڈلنگ سروسز، جی ایم فوڈ، جی ایم ویجیلنس اور جی ایم ٹیکنیکل گراؤنڈ سروسز کی رپورٹنگ کی جائے گی۔ چیف فلائٹ آپریشن کے ماتحت مختلف چیف پائلٹ اور جی ایمز ہوں گے، جبکہ چیف کمرشل افسر سمیت دیگر اعلیٰ افسران کو مخصوص جنرل منیجرز رپورٹ کریں گے۔
چیف فنانشل افسر، چیف کارپوریٹ افسر، چیف ہیومن ریسورس افسر، چیف انفارمیشن افسر، چیف سپلائی چین افسر اور چیف سینٹرل کنٹرول سمیت تمام شعبوں کے ماتحت بھی رپورٹنگ لائنز اور تنظیمی ذمہ داریاں ترتیب دی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئرلائن کی نئی انتظامیہ نے تنظیمی امور کی دوبارہ تقسیم کر کے مختلف شعبوں کے درمیان رپورٹنگ کے نظام کو مؤثر بنانے کی کوشش کی ہے۔