around.pk
Saturday, 31 October 2026
☀ کراچی 27°☀ لاہور 21°☀ اسلام آباد 18°
کاروبار

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کے روز بھاری مندی، ایک کھرب روپے سے زائد کا نقصان

چار روزہ تیزی کے بعد جمعہ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کے سبب 60 فیصد حصص کی قیمتیں گر گئیں اور سرمایہ کاروں کو ایک کھرب روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا۔

around.pk·2h ago

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل چار روز تک جاری رہنے والی تیزی کے بعد جمعہ کے روز کاروبار کا رخ مندی کی جانب مڑ گیا، جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا بنچ مارک انڈیکس ایک لاکھ 67 ہزار پوائنٹس کی سطح سے نیچے آ گیا۔ کاروبار کے دوران مجموعی طور پر 60 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ سرمایہ کاروں نے ایک کھرب تین ارب 75 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان اٹھایا۔

مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق مندی کی اہم وجوہات میں عالمی سطح پر بگڑتی ہوئی جغرافیائی سیاسی صورتحال کے باعث تیل کی قیمتوں میں دوبارہ اضافے کا رجحان اور افراط زر کی شرح بڑھنے سے شرح سود میں مزید اضافے کے خدشات شامل ہیں۔ ان عوامل نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کیا، جس سے فروخت کا دباؤ بڑھتا گیا۔

کاروبار کا آغاز تیزی کے ساتھ ہوا اور ایک موقع پر انڈیکس میں 145 پوائنٹس کا اضافہ بھی دیکھا گیا۔ تاہم رول اوور ویک کی وجہ سے پرانے سودوں کی تصفیے کی سرگرمیوں اور بینکنگ و ریفائنری سیکٹر میں پرافٹ سیلنگ کے سبب یہ تیزی جلد ہی مندی میں تبدیل ہو گئی، اور ایک مرحلے پر 866 پوائنٹس کی کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔

اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر خریداری میں قدرے اضافے سے مندی کی شدت کم ہوئی۔ نتیجتاً کے ایس ای 100 انڈیکس 784.19 پوائنٹس کی کمی سے ایک لاکھ 66 ہزار 409.25 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 294.03 پوائنٹس کی کمی سے 49 ہزار 026.65 پوائنٹس، کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 457.17 پوائنٹس کی کمی سے ایک لاکھ 685.85 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 986.42 پوائنٹس کی کمی سے دو لاکھ 37 ہزار 971.74 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

کاروباری حجم گزشتہ روز کے مقابلے میں 1.05 فیصد زیادہ رہا اور مجموعی طور پر 82 کروڑ 54 لاکھ 67 ہزار سے زائد حصص کے سودے ہوئے۔ کاروبار کا دائرہ 501 کمپنیوں تک پھیلا، جن میں 173 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 300 کی قیمتوں میں کمی جبکہ 28 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ نمایاں اضافے میں یونی لیور پاکستان فوڈز کے حصص 428.80 روپے بڑھ کر 26 ہزار 280 روپے اور رفحان میظ کے بھاؤ 104.14 روپے اضافے کے ساتھ 8587.46 روپے رہے، جبکہ پاکستان انجینئرنگ کمپنی کے حصص 35.70 روپے کمی سے 880.29 روپے اور سازگار انجینئرنگ ورکس کے بھاؤ 33.11 روپے کمی سے 1400.25 روپے پر بند ہوئے۔

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں