around.pk
Monday, 2 November 2026
☁ کراچی 24°☀ لاہور 20°☀ اسلام آباد 17°
دنیا

امریکی مڈٹرم انتخابات: ٹرمپ کے اقتدار کے اگلے دو سال کا فیصلہ آج

امریکا میں ایوانِ نمائندگان کی تمام 435 اور سینیٹ کی 35 نشستوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے، جس کے نتائج صدر ٹرمپ کی سیاسی طاقت اور آئندہ دو سال کی حکمتِ عملی کا تعین کریں گے۔

around.pk·2h ago

امریکا میں وسط مدتی انتخابات (مڈٹرم الیکشن) منگل کے روز منعقد ہو رہے ہیں، جنہیں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے ایک بڑا سیاسی امتحان قرار دیا جا رہا ہے۔ ان انتخابات کے نتائج یہ طے کریں گے کہ آئندہ دو برسوں میں کانگریس میں ری پبلکن پارٹی کی گرفت برقرار رہتی ہے یا ڈیموکریٹس ایوانوں کا کنٹرول حاصل کر کے ٹرمپ انتظامیہ کو مشکل سیاسی حالات سے دوچار کر دیتے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اس موقع پر ایوانِ نمائندگان کی تمام 435 نشستوں اور سینیٹ کی 100 میں سے 35 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی۔ فی الوقت ری پبلکنز کو دونوں ایوانوں میں معمولی اکثریت حاصل ہے، تاہم انتخابی جائزوں میں ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹس کی کامیابی کے امکانات زیادہ ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ سینیٹ میں مقابلہ سخت بتایا جا رہا ہے اور وہاں حتمی نتیجے کی پیش گوئی مشکل ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر ڈیموکریٹس ایوانِ نمائندگان کا کنٹرول حاصل کر لیتے ہیں تو انہیں ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں کی تحقیقات کرنے، حکام کو طلب کرنے اور سرکاری اخراجات سے متعلق فیصلوں پر اثرانداز ہونے کا اختیار مل جائے گا۔ سینیٹ میں اکثریت ملنے کی صورت میں وہ صدر کی جانب سے نامزد وزرا اور ججوں کی منظوری کو بھی تاخیر کا شکار کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ڈیموکریٹس کی کامیابی کی صورت میں بھی صدر ٹرمپ کے صدارتی اختیارات ختم نہیں ہوں گے۔ وہ قانون سازی کو ویٹو کرنے اور کئی معاملات میں انتظامی احکامات کے ذریعے فیصلے کرنے کی صلاحیت برقرار رکھیں گے۔ خود ٹرمپ نے بھی کہا ہے کہ ڈیموکریٹس کی کامیابی پر وہ اپوزیشن کے بلوں کو ویٹو کر دیں گے۔

دوسری جانب اگر ری پبلکنز دونوں ایوانوں میں اکثریت برقرار رکھنے میں کامیاب رہے تو ٹرمپ کے لیے اپنے سیاسی ایجنڈے پر عمل درآمد نسبتاً آسان ہو جائے گا۔ ماہرین کے مطابق کانگریس پر ڈیموکریٹس کا کنٹرول ٹرمپ کی پالیسیوں کی نگرانی اور ان کے خلاف تحقیقات میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے، جبکہ دونوں جماعتوں کے درمیان بجٹ اور حکومتی اخراجات پر اختلافات بھی شدت اختیار کر سکتے ہیں۔

یہ انتخابات نہ صرف امریکی سیاست بلکہ عالمی معاملات پر بھی اثرانداز ہو سکتے ہیں، کیونکہ کانگریس کا نیا میک اپ تجارتی پالیسیوں، خارجہ امور اور دفاعی بجٹ جیسے فیصلوں پر اثر ڈالے گا۔ دنیا بھر کی نظریں اس وقت امریکی ووٹروں کے فیصلے پر مرکوز ہیں، جو آئندہ دو سال کی سیاسی سمت کا تعین کریں گا۔

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں