غزہ میں فلسطینیوں کا علاج کرنے والے مصری نژاد امریکی ڈاکٹر امریکی کانگریس کے رکن منتخب
ڈاکٹر آدم حموی نے نیو جرسی سے ایوانِ نمائندگان کی نشست جیت لی، وہ اس ریاست سے کانگریس پہنچنے والے پہلے مسلمان اور پہلے مصری نژاد رکن ہوں گے۔

امریکی ریاست نیو جرسی سے ڈیموکریٹ امیدوار ڈاکٹر آدم حموی نے ایوانِ نمائندگان کی نشست جیت لی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق انہوں نے ری پبلکن حریف گریگ میل کو شکست دی، اور وہ نیو جرسی سے کانگریس پہنچنے والے پہلے مسلمان اور پہلے مصری نژاد رکن ہوں گے۔
ڈاکٹر حموی پیشے کے لحاظ سے سرجن ہیں اور 2024 اور 2025 میں غزہ کا دورہ کرکے زخمی فلسطینیوں کا علاج کرچکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ امریکی فوج میں بطور سرجن خدمات انجام دے چکے ہیں اور عراق جنگ میں بھی شامل رہے ہیں۔
ان کی انتخابی مہم بنیادی طور پر عوامی فلاح کے امور پر مرکوز رہی۔ وہ صحت کی سہولتوں تک لوگوں کی رسائی بہتر بنانے اور سستے گھروں کی فراہمی کے حامی ہیں، جبکہ غیر قانونی تارکینِ وطن کو شہریت دینے کی حمایت بھی کرتے ہیں۔
خارجہ پالیسی کے حوالے سے ڈاکٹر حموی اسرائیل کو امریکی فوجی امداد بند کرنے کا مطالبہ کرچکے ہیں۔ ان کا موقف ہے کہ امریکی وسائل کو بیرونِ ملک فوجی امداد کے بجائے عوام کی ضروریات پر خرچ کیا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ یہ کامیابی ایسے وقت سامنے آئی ہے جب امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹ امیدواروں نے کئی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور کانگریس میں پارٹی کی نمائندگی میں اضافہ ہوا ہے۔ ڈاکٹر حموی کی جیت کو امریکی سیاست میں مسلم اور تارکینِ وطن کمیونٹی کی بڑھتی ہوئی سیاسی نمائندگی کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔











