خیبر پختونخوا میں معدنیات کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھلنے کا امکان
چینی اور مقامی سرمایہ کاروں کے وفد نے مشیر معدنیات سے ملاقات کی، صوبے میں پراسیسنگ پلانٹس کے قیام اور خام معدنیات کی مقامی سطح پر ویلیو ایڈیشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

خیبر پختونخوا میں معدنیات کے شعبے میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت چینی اور مقامی سرمایہ کاروں کے ایک نمائندہ وفد نے گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے معدنیات ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ سے تفصیلی ملاقات کی۔ اس ملاقات کا مقصد صوبے کے معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینا اور باہمی تعاون کے نئے راستے تلاش کرنا تھا۔
ملاقات کے دوران صوبے میں خام معدنیات کی مائیننگ، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور معدنی خام مال کی مقامی سطح پر پراسیسنگ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی سرمایہ کاروں نے خیبر پختونخوا کے قدرتی معدنی وسائل میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے مائیننگ، ترقی اور خام معدنیات کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے قابلِ قدر مصنوعات میں تبدیل کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا۔
مشیر معدنیات ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ خیبر پختونخوا قدرتی معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، جہاں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چینی سرمایہ کار صوبے میں خام معدنیات کی مائیننگ کے ساتھ ساتھ ان کی پراسیسنگ کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کریں گے، اور اس مقصد کے لیے صوبے میں پراسیسنگ پلانٹس کے قیام کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معدنی خام مال کو پراسیسنگ کے لیے بیرون ملک بھیجنے کے بجائے خیبر پختونخوا ہی میں پراسیس کیا جائے گا، جس سے نہ صرف صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ معدنی وسائل کی ویلیو ایڈیشن بھی ممکن ہوگی۔ اس اقدام سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور صوبے کی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
مشیر معدنیات نے واضح کیا کہ معدنی وسائل سے بھرپور استفادے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، بین الاقوامی تجربات اور جدید پراسیسنگ طریقہ کار سے استفادہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ صوبے کے قدرتی وسائل کو محض خام مال کی صورت میں فروخت کرنے کے بجائے ان کی مقامی سطح پر پراسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن کو فروغ دیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ معاشی فوائد حاصل کیے جا سکیں۔
اس ملاقات میں ایم پی اے ارباب زرک خان، سیکرٹری معدنیات عامر لطیف، ڈی جی معدنیات اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاکہ خیبر پختونخوا کے معدنی وسائل کو صوبے کی معاشی ترقی، صنعتی استحکام اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کا ذریعہ بنایا جا سکے۔









