around.pk
Friday, 6 November 2026
☀ کراچی 35°☀ لاہور 29°☀ اسلام آباد 25°
کاروبار

وزیراعظم نے برآمدات بڑھانے کے لیے ٹی ڈی اے پی کی تنظیم نو کی منظوری دے دی

وزیراعظم شہباز شریف نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی منظوری دے دی ہے تاکہ برآمدات میں اضافہ اور مقامی صنعتوں کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔

around.pk·40m ago

اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کی کارکردگی اور اصلاحات کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے کو جدید خطوط پر از سرِ نو استوار کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس اقدام کا مقصد پاکستانی برآمدات کو فروغ دینا، مقامی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانا اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار سمیت مقامی صنعتوں کو برآمدی معیار سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ زرعی مصنوعات کی برآمد کے لیے مکمل ایکو سسٹم اور پوری ویلیو چین تشکیل دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافے کے لیے صنعتوں میں تیار کردہ مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی کلیدی اہمیت رکھتی ہے اور جدید خطوط پر استوار ٹی ڈی اے پی اس راہ میں معاون ثابت ہوگا۔

اجلاس کو ٹی ڈی اے پی کے موجودہ نظام کے چیلنجز اور ادارہ جاتی ڈھانچے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ عالمی سطح پر مؤثر تجارتی فروغ کے اداروں کے تقابلی جائزے میں بتایا گیا کہ جدید ادارے مقامی منڈیوں کی ترقی، عالمی منڈیوں تک رسائی، برآمد کنندگان کی استعداد میں اضافے اور برآمدات کے فروغ کے لیے مربوط خدمات فراہم کرتے ہیں۔

بریفنگ میں تجویز کردہ اصلاحات میں ادارے کے دائرہ کار کو آٹھ بنیادی افعال تک محدود کرنا، بورڈ اور انتظامی ڈھانچے کی تنظیمِ نو، علاقائی نیٹ ورک کو مؤثر بنانا، ڈیجیٹل پلیٹ فارم اور مصنوعی ذہانت کا استعمال، اور کارکردگی جانچنے کے لیے قابلِ پیمائش اشاریوں اور آزادانہ تھرڈ پارٹی جائزے کا نظام متعارف کرانا شامل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اصلاحات تب ہی ممکن ہیں جب اداروں میں ترقی کو اہداف کے حصول اور کارکردگی سے مشروط کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ادارے کی کارکردگی اور مالیاتی آڈٹ کے لیے اچھی شہرت یافتہ نجی آڈٹ فرم کی خدمات حاصل کی جائیں اور شفاف طریقے سے میرٹ پر اچھی تربیت یافتہ افرادی قوت کو ٹی ڈی اے پی کا حصہ بنایا جائے۔

مجوزہ اصلاحات پر عمل درآمد کے لیے منظوری، ڈیزائن، نفاذ اور آزادانہ جانچ پر مشتمل بارہ ماہ کا مرحلہ وار منصوبہ پیش کیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اصلاحات کو آئندہ برس کے وسط تک مکمل کرکے ان کا اطلاق یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، جام کمال خان، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، ڈاکٹر مصدق ملک، مشیر وزیراعظم ہارون اختر، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں