شرجیل میمن کی ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کی بروقت تکمیل اور یو ٹرن کھولنے کی ہدایت
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے یونیورسٹی روڈ پر ریڈ لائن بی آر ٹی کا یو ٹرن کھولنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے جائیں۔

کراچی میں محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا ایک اہم اجلاس سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کی پیش رفت اور شہری بسوں کے نظام سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ٹرانس کراچی کے سی ای او زبیر چنہ، یلو لائن کے پی ڈی کمال دایو اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
سینئر وزیر نے یونیورسٹی روڈ پر ریڈ لائن بی آر ٹی کا یو ٹرن کھولنے کی ہدایت جاری کی اور کہا کہ اس منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے جائیں، تاکہ شہریوں کو جلد بہتر پبلک ٹرانسپورٹ سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ منصوبے کی تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں اور تمام متعلقہ محکموں کو آپس میں ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی میں مزید ڈبل ڈیکر اور الیکٹرک بسوں کی نئی کھیپ جلد پہنچنے کی امید ہے۔ شرجیل میمن نے ہدایت دی کہ ان بسوں کے آپریشن کے لیے روٹس، چارجنگ اسٹیشنز، ڈپو، بس اسٹاپس اور دیگر تکنیکی و انتظامی انتظامات کو حتمی شکل دی جائے تاکہ نئی بسوں کی آمد پر کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
انہوں نے کہا کہ آپریشنز اور سروسز سمیت تمام متعلقہ امور کے لیے جامع منصوبہ بندی ضروری ہے۔ صرف بسوں کی تعداد بڑھانا کافی نہیں بلکہ ان کے روٹس اور آپریشنل نظام کو بھی مؤثر بنانا ہوگا، تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ علاقوں میں سہولت میسر آ سکے۔
سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ کوشش کی جائے کہ ڈبل ڈیکر اور الیکٹرک بسیں شہر کے ان علاقوں تک پہنچیں جہاں شہریوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ اس اقدام کا مقصد کراچی کے مختلف علاقوں میں سفری سہولیات کو بہتر بنانا اور عوامی نقل و حمل کے نظام کو مزید مضبوط کرنا ہے۔










