around.pk
Tuesday, 3 November 2026
☀ کراچی 34°☀ لاہور 28°⛅ اسلام آباد 26°
پاکستان

کراچی ایئرپورٹ: جعلی ای پروٹیکٹر پر عراق روانگی کی کوشش ناکام، 3 مسافر آف لوڈ

ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے جعلی ای پروٹیکٹر اور فرضی ملازمت کی دستاویزات کی بنیاد پر عراق جانے والے تین مسافروں کو آف لوڈ کر دیا؛ دستاویزات میں تنخواہ، آجر کا فون نمبر اور ای میل خالی پائے گئے۔

around.pk·58m ago

ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے جعلی ای پروٹیکٹر رجسٹریشن اور فرضی ملازمت کی بنیاد پر عراق روانگی کی کوشش ناکام بنا دی ہے اور تین مسافروں کو بیرونِ ملک روانگی سے روک کر آف لوڈ کر دیا ہے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق یہ کارروائی امیگریشن کلیئرنس کے دوران غیر معمولی باریک بینی اور مؤثر جانچ پڑتال کے نتیجے میں عمل میں آئی۔

ترجمان نے بتایا کہ تینوں مسافر عراق کے ورک ویزوں پر سفر کر رہے تھے اور ان کے پاس 23 اکتوبر 2026 کو جاری کردہ ای پروٹیکٹر رجسٹریشن موجود تھی، جس میں انہیں بلیو روز کنسٹرکشن، بصرہ میں ورکر کنسٹرکشن کے طور پر دکھایا گیا تھا۔ تاہم دستاویزات میں تنخواہ، آجر کے فون نمبر اور ای میل کے خانے خالی ہونے کے باعث انہیں مشکوک قرار دیا گیا۔

تحقیقات کے مطابق ضلع گجرات کے رہائشی آکاش طارق، مرزا سلیمان ظفر بیگ اور مرزا سفیان مظہر بیگ نے گجرات کے رہائشی ایجنٹ شاہد سے چار لاکھ روپے کے عوض جعلی ای پروٹیکٹر تیار کروائے تھے، جبکہ ملازمت اور ویزوں کا انتظام ان کے رشتہ داروں یاسر اور یاسین کے ذریعے کیا گیا تھا۔

ابتدائی جانچ میں یہ خدشہ بھی سامنے آیا ہے کہ یہ مسافر عراق کے راستے غیر قانونی طور پر یورپ پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے، جس کی مزید تصدیق کی جا رہی ہے۔ ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے مشتبہ دستاویزات کی بروقت نشاندہی کرتے ہوئے تینوں مسافروں کو آف لوڈ کیا اور مزید تحقیقات، ایجنٹوں کے کردار کی جانچ اور قانونی کارروائی کے لیے انہیں اے ایچ ٹی سی کراچی کے حوالے کر دیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ یہ کارروائی ایف آئی اے امیگریشن کراچی کی مستعدی، پیشہ ورانہ مہارت اور جعلی سفری دستاویزات کے ذریعے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے عزم کا واضح ثبوت ہے۔ واضح رہے کہ غیر قانونی طریقوں سے بیرونِ ملک جانے کی کوشش نہ صرف قانونی کارروائی بلکہ مسافروں کے لیے سنگین خطرات کا سبب بھی بن سکتی ہے، اس لیے عوام کو مستند ایجنٹس اور درست دستاویزات کے ذریعے سفر کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں