around.pk
Thursday, 12 November 2026
☀ کراچی 28°⛅ لاہور 27°🌧 اسلام آباد 20°
پاکستان

پنجاب میں شیروں کے حملوں کا سلسلہ، وائلڈ لائف محکمے کی نگرانی پر سوالات

لاہور کے علاقے کاہنہ میں نجی بریڈنگ فارم پر شیرنی کے حملے میں 19 سالہ کیئر ٹیکر کی ہلاکت کے بعد محکمہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب کی نگرانی اور انفورسمنٹ پر سنگین سوالات اٹھ گئے ہیں۔

around.pk·16m ago

پنجاب میں نجی وائلڈ لائف بریڈنگ فارمز میں رکھے گئے شیروں کے حملوں کے مسلسل واقعات نے محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب کی نگرانی اور نفاذ کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کردیے ہیں۔ لاہور کے علاقے کاہنہ میں نجی بریڈنگ فارم پر شیرنی کے حملے میں انیس سالہ کیئر ٹیکر کی ہلاکت نے محکمانہ نگرانی کے نظام کی خامیوں کو ایک بار پھر بے نقاب کردیا ہے۔

دستیاب میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ دو برسوں کے دوران شیروں کے حملوں کے کم از کم سات واقعات پیش آئے، جن میں آٹھ افراد زخمی ہوئے جبکہ ایک شخص جاں بحق ہوا۔ تازہ واقعہ فیضی وائلڈ لائف بریڈنگ فارم میں پیش آیا، جہاں کیئر ٹیکر طلحہ منیر شیرنی کے حملے میں شدید زخمی ہوگیا۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق کیئر ٹیکر پنجرے میں موجود شیر کو خوراک فراہم کرنے کے دوران حفاظتی ایس او پیز کی خلاف ورزی کے باعث حملے کا نشانہ بنا۔ محکمے نے بتایا کہ فیضی فارم کے گوشت خوار جانوروں پر مشتمل حصے کو عوام اور سیاحوں کی حفاظت کے پیش نظر جنوری 2026 سے سیل کیا جاچکا تھا، تاہم وہاں جانوروں کی دیکھ بھال اور خوراک فراہم کرنے کے لیے عملے کو داخلے کی اجازت تھی۔ فارم مالکان فیض اور نعمان کو پولیس کی معاونت سے گرفتار کرکے تھانہ کاہنہ منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ نعمان نامی ٹک ٹاکر ویڈیو بنانے کے لیے فارم ہاؤس پہنچا تھا، اسی دوران شیرنی قابو سے باہر ہوگئی اور اس نے کیئر ٹیکر پر حملہ کردیا۔ پولیس کے مطابق زخمی کیئر ٹیکر کو اسپتال منتقل کرتے وقت بتایا گیا کہ وہ کتے کے حملے میں زخمی ہوا ہے۔

محکمہ وائلڈ لائف کی لاپرواہی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ ایک ایسے بریڈنگ فارم میں، جس کا گوشت خوار جانوروں والا حصہ کئی ماہ سے سیل ہونے کا دعویٰ کیا جارہا تھا، شیرنی کے حملے میں ایک نوجوان کی جان چلی گئی۔ اس صورتحال نے فارم میں حفاظتی انتظامات، عملے کی نگرانی اور محکمے کے مانیٹرنگ نظام کی مؤثریت پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

یہ سوال بھی اہم ہے کہ اگر فارم کا متعلقہ حصہ جنوری 2026 سے سیل تھا تو وہاں خطرناک جانوروں کی دیکھ بھال کے انتظامات کی نگرانی کون کررہا تھا، کیا محکمے نے پنجروں، حفاظتی انتظامات اور خوراک فراہم کرنے کے طریقہ کار کا معائنہ کیا تھا، کیا عملے کو خطرناک جانوروں سے نمٹنے کی باقاعدہ تربیت دی گئی تھی، اور کیا فارم مالکان کو حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی پر پہلے کوئی نوٹس یا وارننگ جاری کی گئی تھی؟

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں اس سے قبل بھی شیروں کے حملوں کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔ جولائی 2025 میں جوہر ٹاؤن میں ایک شیر نجی فارم ہاؤس سے فرار ہوکر سڑک پر آگیا تھا اور اس نے ایک خاتون اور دو بچوں کو زخمی کردیا تھا۔ جنوری 2026 میں بھیکے وال پنڈ میں شیرنی کے حملے سے آٹھ سالہ بچی زخمی ہوئی، جبکہ سبزہ زار میں شیر کے حملے سے آٹھ سالہ بچے کا بازو ضائع ہوگیا۔ اسی عرصے میں فیصل آباد میں شیروں کو تحویل میں لینے کی کارروائی کے دوران محکمہ وائلڈ لائف کا ایک اہلکار بھی زخمی ہوا، ستمبر 2026 میں کھاریاں میں سترہ سالہ نوجوان شیر کے حملے میں زخمی ہوا، اور نومبر 2026 میں کاہنہ کے واقعے میں انیس سالہ کیئر ٹیکر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

اب تک کی کہانی کاہنہ

  1. لاہور کے فارم ہاؤس میں شیرنی کے حملے سے نوجوان ملازم جاں بحق، دو افراد گرفتار
  2. لاہور میں نوجوان کا خود ساختہ اغوا: پولیس نے ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کر لیا
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
لاہورپنجابفیصل آبادکاہنہفیضی وائلڈ لائف بریڈنگ فارمگجراتمحکمہ جنگلی حیات و پارکس پنجاب

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں