اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 30ویں اجلاس کی تیاریاں مکمل، غیر ملکی وفود کی آمد جاری
اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے لیے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ازبکستان کے نائب وزیر خارجہ سمیت متعدد غیر ملکی وفود اسلام آباد پہنچ گئیں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مہمان وفود کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے انعقاد کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، اور رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ سطحی وفود کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، جبکہ ازبکستان کے نائب وزیر خارجہ بوبور مسعودووچ عثمانوف کی آمد بھی ریکارڈ کی گئی۔ وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے مہمان وفود کا استقبال کیا۔
اجلاس سے قبل نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود کے سربراہان کے اعزاز میں استقبالیہ عشائیہ دیا۔ اس موقع پر انہوں نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں تعاون کو مضبوط بنانے اور امن، ترقی و خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔
عشائیے میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، ای سی او سیکریٹریٹ کے نمائندوں، سفارتی شخصیات اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کی میزبانی پاکستان کر رہا ہے، اور ذرائع کے مطابق ای سی او اجلاس سے متعلقہ رپورٹس کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
اقتصادی تعاون تنظیم دس رکن ممالک پر مشتمل علاقائی تنظیم ہے جو تجارت، ٹرانسپورٹ، توانائی اور ثقافتی روابط کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے کام کرتی ہے۔ اسلام آباد میں ہونے والا یہ اجلاس خطے کے ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے اہم سمجھا جا رہا ہے۔
وفاقی حکومت نے مہمان وفود کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی اور انتظامی امور کو مستحکم رکھنے کے لیے اقدامات کیے ہیں، جبکہ اجلاس کے دوسرے روز ایرانی وزیر خارجہ کی شرکت متوقع ہے۔ ماہرین کے مطابق ای سی او اجلاس کے انعقاد سے پاکستان کا علاقائی سطح پر کردار مزید نمایاں ہوگا اور رکن ممالک کے ساتھ تجارتی و اقتصادی روابط میں وسعت آئے گی۔
اب تک کی کہانی اقتصادی تعاون تنظیم
- ای سی او اجلاس: اقتصادی ترقی اور بحالی کے حوالے سے مثبت خبریں، عطااللہ تارڑ
- ای سی او وزرائے کونسل کا 30واں اجلاس اسلام آباد میں شروع، خطے میں تجارت اور تعاون کے نئے اہداف متوقع
- اسلام آباد میں 30ویں ایکو کانفرنس کا آغاز، رکن ممالک کے وفود پہنچ گئے
- اسلام آباد میں ای سی او وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس آج شروع










