کوئٹہ میں 60 فیصد سے زائد بچے تعلیم سے محروم، بچپن میں مزدوری پر مجبور
کوئٹہ میں غربت، مہنگائی اور چائلڈ لیبر قوانین پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث 60 فیصد سے زائد بچے تعلیم سے محروم ہو کر ورکشاپوں، ہوٹلوں اور دکانوں میں محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کم سن بچوں کی بڑی تعداد تعلیم سے محروم رہ کر محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہے۔ رپورٹس کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں، مصروف شاہراہوں اور بازاروں میں ایسے بچے عام نظر آتے ہیں جو اسکول جانے کی عمر میں ورکشاپوں، ہوٹلوں، دکانوں اور گوداموں میں کام کر کے اپنے خاندانوں کی کفالت میں حصہ ڈال رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں 60 فیصد سے زائد بچے تعلیمی اداروں سے باہر ہیں اور غربت، مہنگائی، بڑھتی ہوئی معاشی مشکلات اور چائلڈ لیبر سے متعلق قوانین پر مؤثر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے یہ بچے کم عمری ہی میں مشقت کرنے پر مجبور ہیں۔ کوئی بچہ گاڑیوں کی ورکشاپ میں اوزار اٹھا کر کام کرتا ہے، کوئی ہوٹل میں برتن دھوتا ہے، جبکہ کچھ بچے بازاروں اور سڑکوں سے کچرا چن کر روزی کمانے کی کوشش کرتے ہیں۔
بلوچستان حکومت کی جانب سے اسکولوں سے باہر بچوں کو تعلیمی اداروں میں داخل کرانے کے لیے داخلہ مہم بھی شروع کی گئی تھی، تاہم توجہ نہ دیے جانے کے باعث بڑی تعداد میں بچے آج بھی تعلیم سے محروم ہیں اور معاشی مجبوریوں کے سبب محنت مزدوری کر رہے ہیں۔ محنت مزدوری کرنے والے بچوں نے بتایا کہ وہ بھی دیگر بچوں کی طرح اسکول جانا، تعلیم حاصل کرنا اور اپنا مستقبل بہتر بنانا چاہتے ہیں، لیکن گھریلو معاشی حالات اور غربت انہیں کام کرنے پر مجبور کرتی ہے۔
بچوں کا کہنا تھا کہ اگر انہیں تعلیم کے مواقع اور مالی معاونت فراہم کی جائے تو وہ بھی اپنی تعلیم جاری رکھ سکتے ہیں اور اپنی زندگیاں بہتر بنا سکتے ہیں۔ کوئٹہ کے سماجی رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے اس حوالے سے کہا ہے کہ چائلڈ لیبر محض غربت کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ بچوں کے بنیادی حقوق، تعلیم اور محفوظ مستقبل سے جڑا ہوا معاملہ ہے۔
سول سوسائٹی کے نمائندوں نے مطالبہ کیا کہ اسکولوں سے باہر بچوں کی باقاعدہ نشاندہی کر کے انہیں فوری طور پر تعلیمی اداروں میں داخل کرایا جائے، غریب اور مستحق خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے متعلقہ اداروں کی نگرانی اور قوانین پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ بچوں کو تعلیم کے ساتھ ایک محفوظ اور روشن مستقبل فراہم کیا جا سکے۔
اب تک کی کہانی ایکسپریس نیوز
- سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں کمی، فی تولہ سونا 4 لاکھ 11 ہزار روپے پر آ گیا
- اسلام آباد کے وفاقی تعلیمی اداروں میں چوری کے واقعات میں اضافہ، ماڈل کالج گولڑہ کی کمپیوٹر لیب سے قیمتی سامان چوری
- کراچی: کم عمر بچی کو ہراساں کرنے والے ملزم کو 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا
- کراچی میں اکتوبر کے دوران تقریباً دو ہزار موبائل فون چھنے، 36 افراد جان سے گئے









