خیبرپختونخوا میں 49 لاکھ بچے اسکول سے باہر، 29 لاکھ لڑکیاں شامل
مشیر تعلیم عامر عبداللہ کے مطابق صوبے کے 12 اضلاع میں 512 سرکاری اسکول بند اور 264 اسکولوں میں کوئی استاد موجود نہیں، جبکہ 5 ارب روپے کی لاگت سے 70 منصوبوں پر مشتمل 180 روزہ پلان تیار کیا گیا ہے۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
خیبرپختونخوا کے مشیر تعلیم عامر عبداللہ نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ صوبے بھر میں 49 لاکھ بچے اسکول کی تعلیم سے محروم ہیں، جن میں 29 لاکھ لڑکیاں شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قبائلی اضلاع میں 329 اسکول غیر فعال حالت میں پڑے ہیں، جہاں تعلیمی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل ہو چکی ہیں۔
مشیر تعلیم کے مطابق تعلیمی شعبے کی بہتری کے لیے 5 ارب روپے کی لاگت سے 70 منصوبوں پر مشتمل 180 روزہ پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ اس پلان کے تحت مزید 1500 اسکول آؤٹ سورس کیے جائیں گے، جبکہ اس سے قبل 421 اسکول اس نظام کے تحت منتقل کیے جا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آؤٹ سورس اسکولوں کے معیار میں بہتری آئی ہے اور داخلے بھی بڑھے ہیں، اور یہ نظام سندھ اور پنجاب میں پہلے سے رائج ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے کے 35 ہزار اسکولوں میں 44 ہزار 747 آسامیاں خالی پڑی ہیں، جبکہ 11 ہزار سے زائد اسکولوں میں صرف ایک یا دو اساتذہ تعینات ہیں۔ قبائلی اضلاع کے اسکولوں میں سینکڑوں اساتذہ نے رقم دے کر اپنی جگہ دوسرے افراد کو تعینات کیا ہے، جس کے سبب جہاں اساتذہ کی ضرورت ہے وہاں وہ موجود نہیں اور دیگر مقامات پر زائد ہیں۔
مشیر تعلیم نے مزید کہا کہ 12 مخصوص اضلاع میں 512 سرکاری اسکول بند ہیں اور 264 اسکولوں میں سرے سے کوئی استاد موجود نہیں، جبکہ 107 اسکولوں میں نہ اساتذہ ہیں اور نہ طلبہ۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری اسکولوں کی 1700 لیبارٹریوں میں 325 کمپیوٹر برسوں سے خراب پڑے ہیں اور آئی ٹی کی تعلیم بلیک بورڈ پر دی جا رہی ہے، جو ایک المیہ ہے۔
اعلیٰ تعلیم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اعلیٰ تعلیم تک رسائی کی شرح سندھ اور پنجاب کے مقابلے میں انتہائی کم، صرف 8 فیصد ہے۔ صوبے کی 34 جامعات میں 698 ڈیپارٹمنٹس ہیں، جن میں سے 208 نے گزشتہ تین سال میں ایک بھی ریسرچ پیپر تیار نہیں کیا۔
مشیر تعلیم نے بتایا کہ آؤٹ آف اسکول بچوں کی تعداد میں پشاور سرفہرست ہے۔ اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے 100 روزہ منصوبہ لایا جا رہا ہے، جس کی تکمیل سے ای ٹرانسفر نظام منسلک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اسکیم کے تحت صوبے میں 7 دانش اسکول بنیں گے، 424 اسکولوں کی سولرائزیشن کی جائے گی، ورچوئل اسکول منصوبے کو وسعت دی جائے گی اور محکمہ تعلیم میں پہلے سے موجود بہتر منصوبے کو آگے بڑھایا جائے گا۔
اب تک کی کہانی تعلیم
- اسلام آباد کی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں طالب علم کتے کے کاٹنے سے جانبحق، طلبا کا احتجاج کا اعلان
- استعمال شدہ کافی سے قابلِ تجدید ایندھن تیار کرنے کا نیا طریقہ دریافت
- تعلیمی اداروں میں طالبات کے ساتھ ہراسانی کی شرح 75 فیصد تک پہنچ گئی
- امریکی سائنس دانوں نے خطرناک زہر اور نشہ آور اثرات والا نایاب مشروم دریافت کر لیا








