کراچی: غیر قانونی کال سینٹر کیس میں این سی سی آئی اے کے 32 ملزمان بری، عدالت نے شواہد ناکافی قرار دیے
جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے گلشن اقبال میں غیر قانونی کال سینٹر کے خلاف این سی سی آئی اے کے مقدمے میں 32 ملزمان کو بری کر دیا۔ عدالت نے کہا کہ استغاثہ کے پاس ملزمان کو انفرادی طور پر جرم سے منسلک کرنے کے لیے قابلِ اعتماد شواہد موجود نہیں۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے گلشن اقبال میں غیر قانونی کال سینٹر کے خلاف نیشنل کرائم اینڈ سائبر انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے مقدمے کا پانچ ماہ میں فیصلہ سناتے ہوئے 32 ملزمان کو بری کر دیا ہے۔ عدالت نے ملزمان کی بریت کی درخواست منظور کرتے ہوئے کہا کہ استغاثہ کے پاس ملزمان کو انفرادی طور پر مبینہ جرم سے منسلک کرنے کے لیے قابلِ اعتماد شواہد موجود نہیں ہیں۔
فیصلے کی تفصیلات کے مطابق استغاثہ کی ٹیم کے سربراہ نے خود تسلیم کیا کہ وہ یہ نہیں بتا سکتے کہ کون سا ڈیجیٹل آلہ کس ملزم سے برآمد ہوا۔ اسی طرح ایک گواہ نے بھی عدالت میں اقرار کیا کہ اس نے کسی ملزم کے ہاتھ میں کوئی ڈیوائس نہیں دیکھی۔ عدالت نے یہ بھی نوٹ کیا کہ ڈیجیٹل شواہد کی تحویل کا تسلسل برقرار نہیں رکھا گیا، کیونکہ 45 سے زائد ڈیجیٹل آلات میں سے صرف تین لیپ ٹاپ اور ایک موبائل فون کا ابتدائی تجزیہ کیا گیا، جبکہ کسی لیپ ٹاپ کی متعلقہ رپورٹ عدالت میں پیش نہیں کی گئی۔
استغاثہ کے مطابق این سی سی آئی اے نے مئی 2026 میں گلشن اقبال بلاک چار میں مفرور ملزم ملک آصف کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی تھی، جس دوران غیر قانونی کال سینٹر چلائے جانے کا انکشاف ہوا۔ الزام تھا کہ ملزمان امریکی مالیاتی اداروں کے نمائندے بن کر غیر ملکی شہریوں سے ان کی نجی تفصیلات حاصل کرتے تھے۔
وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ این سی سی آئی اے نے کارروائی اور ضبطگی کے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے۔ انہوں نے بتایا کہ ضبط شدہ آلات کو موقع پر سیل نہیں کیا گیا، نہ ہی ان کی تحویل اور حوالگی کی دستاویزات تیار کی گئیں، اور ڈیجیٹل فرانزک رپورٹ بھی عدالت میں پیش نہیں کی گئی۔
عدالت نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ شواہد کی کمزوری اور ڈیجیٹل تحویل کے تسلسل میں خلل کی وجہ سے ملزمان کو سزا کا کوئی امکان نہیں تھا، لہٰذا انہیں بری کیا جاتا ہے۔
اب تک کی کہانی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی
- کراچی میں این سی سی آئی اے کی بڑی کارروائی، امریکی بزرگ شہریوں سے فراڈ کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب
- کراچی میں سائبر فراڈ گینگ گرفتار، 15 کروڑ روپے نقد برآمد
- اسلام آباد ہائی کورٹ کا بچوں کے سوشل میڈیا استعمال اور آن لائن ہراسانی پر وفاقی حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب
- بین الاقوامی ایجنسیوں کو مطلوب مبینہ ہیکر دانش پرویز عرف ٹیٹو مین کی خودکشی کی کوشش، حالت نازک











