جمعہ, 25 ستمبر 2026
around.pk

پاکستان و دنیا کی خبریں

کاروبار

ستمبر کے تیسرے ہفتے ملک میں مہنگائی میں اضافہ جاری

ادارہ شماریات کے مطابق ستمبر 2026 کے تیسرے ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.99 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

25 ستمبر 2026, 1:26 شام

ادارہ شماریات نے اپنے حالیہ اعداد و شمار میں بتایا ہے کہ مالی سال 27-2026 کے دوسرے ماہ یعنی ستمبر 2026 کے تیسرے ہفتے ملک میں مہنگائی میں اضافے کا رجحان برقرار رہا۔ اس ایک ہفتے کے دوران ملک میں مہنگائی کی رفتار میں 0.99 فیصد اضافہ ہوا اور سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی رفتار 10.64 فیصد سے بڑھ کر 11.92 فیصد تک پہنچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے ملک میں 20 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 21 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ بجلی کی قیمت میں سب سے زیادہ 18.76 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ علاوہ ازیں دال مسور میں 0.75 فیصد، دال چنا میں 0.34 فیصد اور لہسن میں 1.57 فیصد اضافہ ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میں 1.55 فیصد، واشنگ سوپ میں 0.59 فیصد، مٹن میں 0.31 فیصد، بیف میں 0.30 فیصد، مرغی میں 0.72 فیصد، انڈوں میں 2.02 فیصد، دودھ میں 0.14 فیصد، دہی میں 0.27 فیصد اور آٹے میں 0.11 فیصد اضافہ نوٹ کیا گیا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ چینی کی قیمت میں 0.23 فیصد، آلو میں 8.33 فیصد، پیاز میں 2.42 فیصد، ٹماٹر میں 13.45 فیصد، سرسوں کے تیل میں 0.04 فیصد، گڑ میں 0.01 فیصد، نمک پاوڈر میں 0.90 فیصد، پیٹرول میں 0.34 فیصد، ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 1.57 فیصد اور کیلے میں 5.66 فیصد کمی ہوئی ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق 17,732 روپے تک ماہانہ آمدن والے طبقے کے لیے مہنگائی میں 0.85 فیصد اضافے کے ساتھ رفتار 9.69 فیصد رہی۔ 17,733 سے 22,888 روپے آمدنی والے طبقے کے لیے یہ شرح 1.28 فیصد اضافے کے ساتھ 11.37 فیصد، 22,889 سے 29,517 روپے آمدنی والوں کے لیے 0.81 فیصد اضافے کے ساتھ 9.85 فیصد، 29,518 سے 44,175 روپے آمدنی والوں کے لیے 0.62 فیصد اضافے کے ساتھ 10.20 فیصد اور 44,176 روپے سے زائد آمدنی والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 0.85 فیصد اضافے کے ساتھ 12.31 فیصد رہی۔

اسی زمرے سے