اتوار, 27 ستمبر 2026
around.pk

پاکستان و دنیا کی خبریں

پاکستان

کے الیکٹرک کی طویل لوڈ شیڈنگ پر جماعت اسلامی کا احتجاجی اعلان

منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی کے شہری اجتماعی سزا کا شکار ہیں، کل سے 25 سے زائد مقامات پر احتجاجی کیمپ لگائے جائیں گے۔

25 ستمبر 2026, 7:16 صبح

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی کے شہریوں کو اجتماعی سزا دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر بھر میں اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔

ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ صرف دو سے تین فیصد افراد بجلی کے بل ادا نہیں کر رہے جبکہ کے الیکٹرک کی ذمہ داری ہے کہ ان افراد کے خلاف کارروائی کرے، لیکن ادارہ پورے علاقوں کی بجلی منقطع کر دیتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بچوں، بزرگوں اور خواتین سمیت ہر کوئی اس طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کل سے شہر کے 25 سے زائد مقامات پر جماعت اسلامی کی جانب سے احتجاجی کیمپ لگائے جائیں گے۔

منعم ظفر خان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے تاکہ عوام سکھ کا سانس لیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی پی پیز سے ایک یونٹ بھی بجلی پیدا نہیں ہو رہی، اس کے باوجود حکومت انہیں اربوں روپے ادا کر رہی ہے اور قوم اس بوجھ کو برداشت کر رہی ہے۔

اسی زمرے سے