ڈی آئی خان میں خودکش دھماکہ، 12 افراد شہید، 30 زخمی
ڈی آئی خان کے علاقے درازندہ میں امن میلہ چیک پوسٹ پر بارود سے بھری گاڑی کے خودکش حملے میں 12 افراد شہید اور 30 زخمی ہوگئے۔
26 ستمبر 2026, 6:04 شام
ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں امن میلہ پولیس چیک پوسٹ پر بارود سے بھری گاڑی کے مبینہ خودکش حملے میں خواتین اور بچے سمیت 12 افراد شہید ہوگئے جبکہ 30 افراد زخمی ہوئے۔
ذرائع کے مطابق یہ دھماکہ ڈی آئی خان-کوئٹہ روڈ پر واقع انسداد اسمگلنگ چیک پوسٹ پر ہوا جہاں گاڑی کو چیک پوسٹ سے ٹکرایا گیا۔
شہداء میں 6 پولیس اہلکار، 2 کسٹمز اہلکار، 2 خواتین اور ایک 2 سالہ بچہ شامل ہیں۔ زخمیوں میں کئی پولیس اہلکار، کسٹمز حکام اور عام شہری شامل ہیں اور بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جس کے باعث شہداء کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق ابتدائی طور پر 30 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ 12 شہداء کی لاشیں بھی جائے وقوعہ سے منتقل کردی گئیں۔ امدادی کارروائیوں کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان سے مزید چار ایمبولینسز بھی روانہ کی گئیں۔
گورنر خیبر پختونخوا نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اسی زمرے سے
ڈیرہ بگٹی: ضلع کونسل چیئرمین کے گھر حملہ، جوابی کارروائی میں 13 حملہ آور ہلاک
3 گھنٹے قبل
خطے کی ترقی کیلئے افغان سرزمین سے دہشتگردی کے خاتمے کی ضرورت ہے: اسحاق ڈار
12 گھنٹے قبل
اسلام آباد میں احتجاج اور دھرنوں پر مستقل پابندی لگانے کا فیصلہ
16 گھنٹے قبل
کراچی: منگھوپیر اور سائٹ سپر ہائی وے میں مبینہ پولیس مقابلے، تین ملزمان زخمی حالت میں گرفتار
19 گھنٹے قبل