ہفتہ, 26 ستمبر 2026
around.pk

پاکستان و دنیا کی خبریں

پاکستان

خطے کی ترقی کیلئے افغان سرزمین سے دہشتگردی کے خاتمے کی ضرورت ہے: اسحاق ڈار

اسحاق ڈار نے کہا کہ افغان سرزمین سے دہشتگردی نہ روکی گئی تو خطے میں امن اور خوشحالی ممکن نہیں۔

26 ستمبر 2026, 9:47 صبح

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ افغانستان کی سرزمین سے دہشت گردی کے خاتمے کے بغیر پورے خطے میں امن اور ترقی کا قیام ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طالبان حکومت سے بنیادی توقع اپنے سکیورٹی خدشات کا دیرپا حل ہے۔

اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے 27ویں وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ علاقائی تعاون صرف بات چیت سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کا متقاضی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ای سی او ممالک کے درمیان تجارت کا حجم مجموعی علاقائی تجارت کا صرف 8 فیصد ہے، جسے بڑھانا سب کے لیے مشترکہ ہدف ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اس خطے کی پچاس کروڑ سے زائد آبادی کی ترقی اجتماعی کوششوں سے ہی ممکن ہے۔ پاکستان علاقائی امن اور مسائل کے پرامن حل کے لیے بین الاقوامی قوانین کی پابندی کو ضروری سمجھتا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے مشرق وسطیٰ اور خطے کی متغیر سیکیورٹی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار بھی کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ وسطی ایشیا کو بحیرہ عرب کی بندرگاہوں سے ملانے والے زمینی راستوں کی ترقی کی رفتار تیز کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق موسمیاتی تبدیلی خطے کی زرعی اور آبی سلامتی کے لیے سنجیدہ خطرہ بن چکی ہے، اس لیے پائیدار توانائی اور موسمیاتی تقاضوں کے مطابق بنیادی ڈھانچے پر تعاون کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے کے لیے ایک گیٹ وے کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے مگر اس کے لیے ای سی او کے آزاد تجارتی علاقے کو ڈیجیٹل اور فعال بنانا ضروری ہے۔ افغان سرزمین کا دہشت گردی کے لیے استعمال علاقائی استحکام کیلئے مسلسل چیلنج ہے جس کے سدباب بغیر کسی معاشی ترقی کا حصول ممکن نہیں۔

اسحاق ڈار نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان افغانستان میں استحکام کا خواہاں ہے اور اس مقصد کیلئے طالبان حکومت کے ساتھ دوطرفہ ٹرانزٹ تجارت سمیت مختلف مثبت روابط استوار کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ازبکستان، افغانستان اور پاکستان ریلوے منصوبے پر دستخط پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہیں اور طالبان حکومت سے واحد مطالبہ سکیورٹی خدشات کا مستقل حل ہے۔

اسی زمرے سے