around.pk
Tuesday, 3 November 2026
☀ کراچی 30°☀ لاہور 24°⛅ اسلام آباد 20°
پاکستان

عمران خان اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں: سلمان اکرم راجا

پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جیل میں ہائی اسپرٹ میں ہیں اور اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وکیل سلمان صفدر کی ملاقات سے کوئی بریک تھرو نہیں ہوا۔

around.pk·2m ago

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جیل میں ہائی اسپرٹ میں ہیں اور کسی طور پر اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے یہ بات راولپنڈی میں فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

سلمان اکرم راجا کے مطابق عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے انہیں بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی باڈی لینگویج اور جذبہ قابل دید تھا۔ انہوں نے کہا کہ سلمان صفدر کی بانی سے ملاقات نظام کی ضرورت تھی کیونکہ بانی کے مقدمات آگے نہیں بڑھ رہے تھے اور سلمان صفدر نے عدالت میں کہا تھا کہ بانی سے ملاقات تک وہ دلائل نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ملاقات میں قانونی پہلو کے ساتھ ساتھ بانی اور بشری بی بی کی صحت پر بھی بات ہوئی۔ سلمان اکرم راجا نے واضح کیا کہ یہ ملاقات قانونی نوعیت کی تھی اور اس سے کسی سیاسی بریک تھرو کا کوئی امکان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک سیاسی نوعیت کی ملاقات نہیں ہوگی، معاملات آگے نہیں بڑھیں گے۔

پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ انہیں پارٹی میں فارورڈ بلاک کے امکانات نظر نہیں آرہے، تاہم کسی امکان کو خارج نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی کے اندر کسی کے ذہن یا دل میں کھوٹ ہے تو وہ سامنے آ جائے گا اور بانی پی ٹی آئی کے موقف سے جو بھی پیچھے جائے گا اس کی سیاست ختم ہو جائے گی۔

انہوں نے بیرون ملک سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے بارے میں کہا کہ ان کا پارٹی یا پالیسی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ پارٹی کے آفیشل ترجمان یا ان کی ٹیم ہی پارٹی پالیسی پر بیان جاری کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بیرون ملک اکاؤنٹس کے خلاف بات نہیں کر رہے لیکن وہ پارٹی کے تابع نہیں ہیں۔

سلمان اکرم راجا نے مزید کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات ایک ڈھکوسلہ تھے کیونکہ حکومت نے تمام تیاریاں پہلے سے کر رکھی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف ملٹری آپریشنز کا بلینک چیک نہیں دے سکتے اور نہ ہی اس بات کی اجازت دے سکتے ہیں کہ ڈرون مار کر لاکھوں لوگوں کو بے گھر کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں انہوں نے تجویز دی تھی کہ 72 گھنٹوں میں سیاسی عمائدین اور سیاسی جماعتوں کا اجلاس بلایا جائے تاکہ دہشت گردی سے نمٹنے کا طریقہ طے کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان میں یہ نہیں لکھا کہ ڈرون چلیں گے اور لوگ بے گھر ہوں گے۔

پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ حکومت سے بات چیت کسی بھی وقت ہو سکتی ہے لیکن کل کی ملاقات ان کی اپنی ضرورت تھی۔ ہم اصول کی سطح پر ہمیشہ بات کرنے کو تیار ہیں۔

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں