around.pk
Thursday, 5 November 2026
☀ کراچی 24°☀ لاہور 20°☀ اسلام آباد 17°
پاکستان

میر رضا قتل کیس: جے آئی ٹی کا اہم اجلاس آج، اہل خانہ کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا

ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان بلوچ نے میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں مقتول کے اہل خانہ کا بیان ریکارڈ کرنے کے ساتھ ان کے پیش کردہ شواہد کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

around.pk·4h ago

کراچی میں میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کا اہم اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان علی بلوچ، جو جے آئی ٹی کے سربراہ ہیں، نے ہفتے کے روز شام چار بجے اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ یہ اجلاس ڈی آئی جی ویسٹ زون آفس کراچی کے کانفرنس روم میں ہوگا۔

میڈیا سیل کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں آئی ایس آئی کے 18 گریڈ یا اس سے زائد رینک کے نمائندے، انٹیلیجنس بیورو کراچی، پاکستان رینجرز سندھ اور این سی سی آئی اے کے 18 گریڈ کے افسران کو شرکت کی ہدایت دی گئی ہے۔ متعلقہ اداروں کے نمائندگان کو باضابطہ مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

جے آئی ٹی نے مقتول میر رضا کے اہل خانہ کو بھی اجلاس میں طلب کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد اہل خانہ کا مؤقف ریکارڈ کرنا اور ان کی جانب سے پیش کیے جانے والے شواہد کا تفصیلی جائزہ لینا ہے، تاکہ تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔

ترجمان کے مطابق یہ جے آئی ٹی سندھ ہوم ڈیپارٹمنٹ کے حکم نامے کی روشنی میں تشکیل دی گئی ہے۔ میر رضا قتل کا مقدمہ نمبر 795 سال 2026، دفعات 365، 302 اور 201 کے تحت فیروز آباد تھانے میں درج ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں میر رضا کیس کی جے آئی ٹی کے افسران کی عدم حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا تھا اور ہیڈ کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ اسی طرح این سی سی آئی اے نے بھی جے آئی ٹی کے لیے اپنا رکن نامزد کیا تھا، جبکہ 88 روز تک جاری رہنے والا احتجاج مطالبہ پورا ہونے پر ختم کر دیا گیا تھا۔ اب اس اجلاس سے توقع ہے کہ تفتیشی عمل میں مزید پیش رفت ہوگی۔

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں