around.pk
Tuesday, 3 November 2026
☀ کراچی 24°☀ لاہور 20°☀ اسلام آباد 17°
صحت

اسکائی ونگز ایوی ایشن کا 24 گھنٹے ایئر ایمبولیشن سروس کا اعلان

اسکائی ونگز ایوی ایشن نے ملک میں پہلی بار چوبیس گھنٹے ایئر ایمبولیشن سروس فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت سکھر سے ایک مریض کو محض ڈیڑھ گھنٹے میں کراچی منتقل کر کے بروقت طبی امداد ممکن بنائی گئی۔

around.pk·1h ago

کراچی: اسکائی ونگز ایوی ایشن نے پاکستان میں پہلی بار چوبیس گھنٹے ایئر ایمبولیشن سروس فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سروس کے تحت سکھر سے تعلق رکھنے والے مریض مشتاق مہر کو ہوائی ایمبولینس کے ذریعے محض ڈیڑھ گھنٹے میں کراچی منتقل کیا گیا، جس سے انہیں بروقت طبی امداد فراہم کرنا ممکن ہو سکا۔

ایئر ایمبولیشن کی یہ سروس ادارے کے ایئر آپریٹر سرٹیفکیٹ یعنی اے او سی کے تحت چلائی جا رہی ہے، اور مریض کی منتقلی کے لیے کمپنی کا مخصوص طیارہ استعمال کیا گیا۔ مریض کی اہلیہ نے بتایا کہ سکھر سے کراچی کا سفر صرف ڈیڑھ گھنٹے میں مکمل ہوا، جس کی بدولت مریض کو فوری طور پر کراچی پہنچایا جا سکا اور علاج میں تاخیر نہیں ہوئی۔

انہوں نے مشکل وقت میں تعاون اور انسانی خدمت کے جذبے پر ایدھی فاؤنڈیشن اور اسکائی ونگز ایوی ایشن کا شکریہ ادا کیا اور دونوں اداروں کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایئر ایمبولیشن سروس دور دراز علاقوں میں طبی سہولیات سے محروم اور مشکل حالات سے دوچار مریضوں کے لیے امید کی نئی کرن ہے۔

اسکائی ونگز ایوی ایشن کے چیف ایگزیکٹو عمران اسلم خان نے کہا کہ دور دراز علاقوں سے مریضوں کو بروقت کراچی منتقل کر کے کئی قیمتی انسانی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سروس چوبیس گھنٹے فراہم کی جائے گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مریضوں کو فوری طور پر طبی سہولیات تک پہنچایا جا سکے۔

عمران اسلم خان نے مزید کہا کہ اسکائی ونگز ایوی ایشن انسانی خدمت کے مشن میں ایدھی فاؤنڈیشن کے شانہ بشانہ کام کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے، اور سعد ایدھی کے ہمراہ ایئر ایمبولیشن کے ذریعے انسانی جانیں بچانے کا مشن مسلسل جاری رکھا جائے گا۔ دوسری جانب ایدھی فاؤنڈیشن نے بھی اس عزم کا اعادہ کیا کہ انسانی خدمت اور ضرورت مند افراد کی مدد ادارے کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں