جی ٹی اے 6 کی پری لوڈ تاریخ اور اسٹوریج کی تفصیلات سامنے آ گئیں
راک اسٹار گیمز نے گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 کی پری لوڈ تاریخ اور درکار اسٹوریج کا اعلان کر دیا ہے۔ ڈیجیٹل کاپی کے خریدار 10 نومبر 2026 سے گیم پری لوڈ کر سکیں گے جبکہ گیم 19 نومبر کو ریلیز ہوگی۔

دنیا بھر میں مقبول ویڈیو گیم گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 کے شائقین کے لیے اہم خبر سامنے آئی ہے۔ گیم بنانے والی کمپنی راک اسٹار گیمز نے گیم کی پری لوڈ تاریخ اور درکار اسٹوریج کی تفصیلات جاری کر دی ہیں، جس سے طویل انتظار کے بعد صارفین کو حتمی معلومات مل گئی ہیں۔
کمپنی کے مطابق گیم کی ڈیجیٹل کاپیاں خریدنے والے صارفین 10 نومبر 2026 سے گیم پری لوڈ کر سکیں گے، جبکہ گیم کی باضابطہ ریلیز 19 نومبر کو ہوگی۔ پلے اسٹیشن 5 پر پری لوڈ مقامی وقت کے مطابق رات 12 بجے شروع ہوگا، جس سے صارفین ریلیز کے دن گیم کھیلنا شروع کر سکیں گے۔
راک اسٹار گیمز کے مطابق گیم پری لوڈ کرنے کے لیے ڈیوائس کے لحاظ سے زیادہ سے زیادہ 212 جی بی خالی جگہ درکار ہوگی۔ یہ حجم گیم کی بڑھتی ہوئی تفصیلات اور وسیع دنیا کی عکاسی کرتا ہے، تاہم اتنے بڑے سائز کے باعث متعدد گیمرز کو اپنی کنسول اسٹوریج خالی کرنی پڑ سکتی ہے یا اضافی اسٹوریج لگانا پڑ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ جی ٹی اٹو 6 پلے اسٹیشن 5 اور ایکس باکس سیریز X/S کے لیے 19 نومبر کو ریلیز کیا جائے گا۔ گیم کی ریلیز کا اعلان گزشتہ برسوں میں سامنے آیا تھا اور اسے صنعت کی تاریخ کی سب سے بڑی ریلیز میں شمار کیا جا رہا ہے۔
گیمنگ ماہرین کے مطابق جی ٹی اے 6 کی ریلیز کنسول مارکیٹ میں نئی جان ڈال سکتی ہے، کیونکہ اس سلسلے کی پچھلی قسط کو تقریباً ایک دہائی سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔ صارفین کے لیے اہم بات یہ ہے کہ وہ ریلیز سے قبل اپنی اسٹوریج کی گنجائش کا جائزہ لے لیں تاکہ گیم کو بغیر کسی رکاوٹ کے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکے۔











