امریکا کا سکھ رہنما کے قتل کی سازش پر بھارتی حکومت کو عدالتی نوٹس اور سمن جاری
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق نیویارک کی عدالت نے خالصتان رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش کے مقدمے میں بھارتی حکومت کو سفارتی مراسلے کے ذریعے سمن اور عدالتی نوٹس بھیج دیا ہے۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
امریکا نے سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی مبینہ سازش سے متعلق مقدمے میں بھارتی حکومت کو سفارتی مراسلے کے ذریعے عدالتی نوٹس اور سمن جاری کر دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ دستاویزات 9 اکتوبر 2026 کو بھارتی سفارت خانے کو ارسال کی گئیں۔ بھارتی جریدے دی ہندو نے امریکی محکمہ خارجہ کے نوٹس کے حوالے سے بتایا کہ نیویارک کی عدالت کی درخواست پر مقدمے کی دستاویزات بھارتی حکومت تک پہنچا دی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکی عدالت نے بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کو سرحد پار مبینہ ریاستی دہشت گردی کے معاملے پر نوٹس جاری کیا ہے۔ یہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ستمبر 2024 میں گرپتونت سنگھ پنوں نے بھارتی حکومت، اجیت دوول، را کے سابق سربراہ سمنت گوئل، وکرم یادو، نکھل گپتا اور دیگر افراد کے خلاف امریکی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 2023 میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایک ایجنٹ نے مبینہ طور پر بھارتی حکومت کی ہدایت پر بھارتی شہری نکھل گپتا کو گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی ذمہ داری سونپی تھی۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ فروری 2026 میں نکھل گپتا نے پنوں کے قتل کی سازش سے متعلق امریکی فوجداری مقدمے میں تینوں الزامات تسلیم کر لیے تھے۔
واضح رہے کہ ستمبر 2023 میں کینیڈا کے اس وقت کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارتی حکومتی ایجنٹوں کے ملوث ہونے کا اعلان کیا تھا۔ اس معاملے نے بھارت اور کینیڈا کے تعلقات میں کشیدگی پیدا کر دی تھی اور بین الاقوامی سطح پر توجہ حاصل کی تھی۔
دوسری جانب پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ (ڈی جی آئی ایس پی آر) نے بارہا واضح کیا ہے کہ بھارت دنیا بھر میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کی سرپرستی، انٹیلی جنس فراہمی، مالی معاونت اور سہولت کاری کر رہا ہے اور اجیت دوول اس دہشت گردی کا چیف آرکیٹیکٹ ہے۔ پاکستان ان الزامات کو بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کرتا رہا ہے۔
یہ پیش رفت امریکہ کی عدالتوں میں زیر سماعت مقدمے کے سلسلے میں اہم سنگ میل ہے، جس میں بھارتی حکومت کے اعلیٰ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔ تاہم بھارتی حکومت نے اب تک ان الزامات پر کوئی باضابطہ ردعمل ظاہر نہیں کیا۔
اب تک کی کہانی نیویارک
- اسٹیو اسمتھ کی گردن کی انجری میں بہتری، نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل واپسی متوقع
- امریکا کا 150 سے زائد افغان شہریوں کو پاکستان کے راستے کابل بھیجنے کا منصوبہ











