سندھ میں ڈینگی کے کیسز میں تشویشناک اضافہ، دو ماہ میں دو ہزار سے زائد کیسز رپورٹ
کراچی اور سندھ کے دیگر اضلاع میں ستمبر اور اکتوبر کے دوران ڈینگی کے دو ہزار 55 کیسز سامنے آئے، کراچی میں رواں سال ایک ہلاکت بھی ریکارڈ کی گئی، ماہرین نے احتیاطی تدابیر پر زور دیا۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
سندھ بھر میں گزشتہ دو ماہ کے دوران ڈینگی بخار کے کیسز میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ستمبر اور اکتوبر میں صوبے میں مجموعی طور پر دو ہزار 55 کیسز رپورٹ ہوئے، جو رواں سال کے بلند ترین تعداد میں شمار ہوتے ہیں۔ ماہرین اس اضافے کو مون سون کے بعد مچھروں کی افزائش اور موسمی تبدیلیوں کا نتیجہ قرار دیتے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر کے دوران سندھ میں 777 جبکہ ستمبر میں 335 کیسز سامنے آئے۔ صوبائی دارالحکومت کراچی میں اکتوبر میں 495 اور ستمبر میں 448 کیسز رپورٹ ہوئے۔ کراچی کے مختلف اضلاع میں ضلع شرقی سب سے زیادہ متاثر رہا، جہاں 709 کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ رواں سال اب تک کراچی میں مجموعی طور پر دو ہزار 369 کیسز سامنے آئے اور ڈینگی کے سبب ایک شخص کی ہلاکت بھی ریکارڈ کی گئی۔
سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی ڈینگی کے پھیلاؤ کا سلسلہ جاری ہے۔ رواں سال حیدرآباد ڈویژن میں 992، میرپورخاص میں ایک ہزار آٹھ، لاڑکانہ ڈویژن میں 33، سکھر میں 50 اور شہید بینظیر آباد میں 17 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں مجموعی تعداد دو ہزار 100 تک پہنچ گئی ہے۔
ماہر صحت ڈاکٹر عمر سلطان کے مطابق ڈینگی مخصوص مادہ مچھر کے کاٹنے سے پھیلتا ہے، جو عموماً صبح سویرے اور شام کے وقت کاٹتا ہے اور صاف پانی پر افزائش پاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مرض کی علامات میں اچانک تیز بخار، جسم اور سر میں شدید درد، جبکہ جسم پر سرخ دھبے اور ناک، کان یا منہ سے خون کا اخراج شامل ہو سکتا ہے۔
ڈاکٹر عمر سلطان نے مزید کہا کہ ڈینگی میں جسم کے خون جمانے والے خلیوں کی کمی واقع ہو جاتی ہے اور پلیٹلیٹس کی کمی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ مچھر سے بچاؤ کے اقدامات کریں، زیادہ پانی پئیں، صحت بخش اور قوت مدافعت بڑھانے والی غذا استعمال کریں اور تیز بخار کی صورت میں فوری طور پر قریبی طبی مرکز سے رجوع کریں۔
محکمہ صحت کی جانب سے شہریوں پر زور دیا جا رہا ہے کہ گھروں اور ارد گرد پانی جمع نہ ہونے دیں، کیونکہ ڈینگی کے مچھر کی افزائش زیادہ تر صاف اور کھڑے پانی میں ہوتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بروقت تشخیص اور علاج سے اس مرض سے بچا جا سکتا ہے، اس لیے علامات ظاہر ہونے پر خود سے دوا لینے کے بجائے مستند معالج سے رجوع کرنا ضروری ہے۔
اب تک کی کہانی صحت
- کراچی کی 121 کم کارکردگی والی یونین کونسلز میں حفاظتی ٹیکوں کی خصوصی مہم جاری
- ویکسین خریداری میں مبینہ کرپشن کیس: ملزم کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور
- لاہور میں کار کی ٹکر سے فوڈ پانڈا رائیڈر جاں بحق، سی ٹی او نے فوری کارروائی کا حکم دے دیا
- خیبر میں پراسرار بیماری سے ایک ہی خاندان کے پانچ کمسن بچے جاں بحق، دو زیرِ علاج










