لاہور کے گرد 300 کلومیٹر کے دائرے میں ہفتے بھر میں 2,306 مقامات پر آتشزدگی، فضائی آلودگی میں اضافے کا خدشہ
پاکستان ایئر کوالٹی انیشی ایٹو کے تجزیے کے مطابق 11 سے 17 نومبر کے دوران پاکستان میں 1,265 اور بھارت میں 1,043 مقامات پر آگ لگی، لاہور پہنچنے والی ہوائیں اوسطاً 17.3 آتشزدگی کے مقامات سے گزریں۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
لاہور کے گرد 300 کلومیٹر کے دائرے میں 11 سے 17 نومبر کے دوران پاکستان اور بھارت میں آتشزدگی کے مجموعی طور پر 2,306 واقعات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ پاکستان ایئر کوالٹی انیشی ایٹو (پی اے کیو آئی) کی جانب سے ہواناما اور امریکی خلائی ادارے ناسا کے سیٹلائیٹ ڈیٹا پر مبنی تجزیے کے مطابق ان واقعات میں پاکستان کے 1,265 اور بھارت کے 1,043 مقامات شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں آتشزدگی کے یہ واقعات 2018 سے 2025 کے دوران اسی ہفتے کی اوسط 1,539 سے 18 فیصد کم تھے، جبکہ بھارت میں یہ تعداد 2018 کے بعد اسی مدت کی کم ترین سطح پر رہی۔ بھارت میں گزشتہ آٹھ برسوں کے اسی عرصے کی اوسط 7,657 واقعات تھی۔
تجزیے میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ لاہور پہنچنے والی ہوائیں گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران اوسطاً 17.3 آتشزدگی کے مقامات سے گزریں۔ جن دنوں ہوا کم از کم 16 ایسے مقامات سے گزری، ان دنوں لاہور کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 261 اور پی ایم 2.5 کی مقدار 211.5 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ دیگر دنوں میں یہ اعداد بالترتیب 224 اور 174.3 مائیکروگرام فی مکعب میٹر رہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ کئی ہفتوں کے اعدادوشمار میں آتشزدگی کے واقعات میں اضافے کے تقریباً تین روز بعد فضا میں باریک ذرات پی ایم 2.5 کی سطح بڑھنے کا رجحان بھی دیکھا گیا۔ تاہم رواں سال موسمی حالات گزشتہ برس سے مختلف رہے؛ 11 سے 17 نومبر کے دوران ہواؤں کی اوسط رفتار 4.9 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی جو گزشتہ سال کی 2.7 کلومیٹر فی گھنٹہ سے 81 فیصد زیادہ تھی، جبکہ دوپہر کے وقت مکسنگ ہائٹ رواں سال اوسطاً 1,190 میٹر رہی جو گزشتہ سال 850 میٹر تھی۔ زیادہ مکسنگ ہائٹ اور تیز ہوائیں آلودگی کو زیادہ فضائی حجم میں پھیلانے میں مدد دیتی ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق شمال مغربی ہواؤں اور ان کی کم رفتار نے لاہور کے فضائی معیار پر اثر ڈالا ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ موسمی حالات آلودگی پر اثرانداز ہوتے ہیں، مگر مقامی ذرائع سے پیدا ہونے والی آلودگی کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
محکمہ تحفظ ماحولیات پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے بھر میں 318 صنعتی یونٹس کا معائنہ کیا گیا، خلاف ورزیوں پر 11 یونٹس سیل کیے گئے، ایک کے خلاف مقدمہ درج اور مجموعی طور پر 13 لاکھ 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسی عرصے میں 543 اینٹوں کے بھٹوں کی جانچ پڑتال کے دوران پانچ بھٹے مسمار، 13 سیل اور نو مقدمات درج کیے گئے جبکہ 22 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ غیرمعیاری پلاسٹک کے خلاف کارروائیوں میں 159 مقامات کا معائنہ، 740 کلوگرام پلاسٹک ضبط، تین مقامات سیل اور 55 ہزار روپے جرمانے کے ساتھ ساتھ باربی کیو اور کمرشل کھانا پکانے کے 93 مقامات کی جانچ کی گئی جن میں سے 52 پر سکشن ہڈز نصب پائے گئے۔
اب تک کی کہانی مریم اورنگزیب
- پنجاب کے اے کیو آئی ڈیش بورڈ پر آلودگی کی اصل شدت کیوں مخفی رہتی ہے؟
- بھارت میں دیوالی کے بعد فضائی آلودگی، لاہور متاثر ہونے کا خدشہ
- لاہور میں فضائی آلودگی خطرناک سطح پر، کچھ گھنٹوں میں کمی مگر صحت کے لیے خطرہ برقرار
- لاہور میں پانچ سال بعد اکتوبر کے مہینے میں اے کیو آئی 300 سے تجاوز نہیں کر سکا، مریم اورنگزیب








