دیوالی کی آتش بازی سے بھارت کی آلودہ ہوا لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں تک پہنچ گئی
پنجاب انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی کے تجزیے کے مطابق بھارت میں دیوالی کی تقریبات کے دوران ہونے والی آتش بازی سے پیدا ہونے والی آلودہ ہوا سرحد عبور کر کے لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں فضائی آلودگی میں نمایاں اضافے کا سبب بنی۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
بھارت میں دیوالی کی تقریبات کے دوران ہونے والی آتش بازی اور دیگر سرگرمیوں سے پیدا ہونے والی فضائی آلودگی سرحد پار کر کے پنجاب کے مختلف اضلاع تک پہنچ گئی، جس کے باعث لاہور سمیت کئی شہروں میں فضائی آلودگی کی سطح میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پنجاب انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی (ای پی اے) کی جانب سے کیے گئے تجزیے میں سرحد پار سے آلودہ ہوا کی صوبے میں آمد کے شواہد سامنے آئے ہیں۔
ای پی اے کے 8 سے 10 نومبر کے تجزیے کے مطابق فضائی آلودگی کی نقل و حرکت، سیٹلائٹ مشاہدات اور صوبے کے ایئر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشنز کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ بھارت سے آنے والی آلودہ ہوا نے پنجاب میں ذراتی آلودگی یعنی پی ایم 2.5 اور ایئر کوالٹی انڈیکس میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا۔ فضائی راستوں کے جائزے سے معلوم ہوا کہ 9 نومبر کو صبح 6 بجے 100 میٹر کی بلندی پر پنجاب کا تقریباً 50 فیصد علاقہ ایسی ہوا کی زد میں تھا جو گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت سے آئی تھی، جبکہ صوبے کا 39 فیصد حصہ ایسی فضائی لہروں سے متاثر ہوا جو گزشتہ 12 گھنٹوں میں سرحد عبور کر کے پاکستان میں داخل ہوئیں۔
ای پی اے کی فارورڈ ٹریجیکٹری ماڈلنگ کے مطابق دیوالی کی رات بھارتی شہر امرتسر سے چلنے والی آلودہ ہوا تقریباً دو گھنٹے میں لاہور پہنچ سکتی تھی، جبکہ اسی ہوا کو فیصل آباد پہنچنے میں تقریباً 12 گھنٹے اور ملتان پہنچنے میں 11 گھنٹے لگنے کا تخمینہ لگایا گیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سرحد پار آلودگی کا اثر صرف سرحدی علاقوں تک محدود نہیں بلکہ پنجاب کے اندرونی شہروں تک بھی پہنچ سکتا ہے۔
ناسا کے وی آئی آئی آر ایس اور موڈس سیٹلائٹ ڈیٹا میں بھی 9 نومبر کو پاکستان اور بھارت کی سرحد کے دونوں جانب دھند اور آلودگی کی مسلسل پٹی دیکھی گئی۔ تجزیے میں ایروسول آپٹیکل ڈیپتھ میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو فضا میں معلق ذرات کی مقدار کا پیمانہ ہے۔ سیکرٹری ادارہ تحفظ ماحولیات پنجاب سلوت سعید کے مطابق 7 سے 9 نومبر کے دوران بھارتی شہر امرتسر میں یہ سطح 0.44 سے بڑھ کر 2.63 ہوگئی، جبکہ لاہور میں یہ شرح 0.56 سے بڑھ کر 2.63 ریکارڈ کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور کے مختلف مانیٹرنگ اسٹیشنز کے اعداد و شمار میں بھی مشرق سے مغرب کی جانب آلودگی کی سطح میں فرق سامنے آیا۔ واہگہ بارڈر مانیٹرنگ اسٹیشن پر پی ایم 2.5 کی مقدار میں 275 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جہاں آلودگی کی بلند ترین سطح صبح 3 سے 4 بجے کے درمیان دیکھی گئی، جبکہ شہر کے مغربی حصے میں واقع سفاری پارک اسٹیشن پر آلودگی میں صرف 15 فیصد اضافہ ہوا۔ لاہور کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 8 نومبر کو 366 تھا جو 9 نومبر کو بڑھ کر 440 ہوگیا، اور آلودگی کی بلند ترین سطح صبح 9 بجے ریکارڈ کی گئی۔
ای پی اے کے تجزیے میں واضح کیا گیا ہے کہ فضائی آلودگی کا جائزہ لیتے وقت سرحد پار سے آنے والی آلودگی کے ساتھ مقامی اخراج کے ذرائع اور موسمی حالات کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے، کیونکہ فضائی آلودگی جغرافیائی سرحدوں کی پابند نہیں اور ہوا کے ذریعے مختصر وقت میں طویل فاصلے تک منتقل ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب سپارکو کے ناسا کے فائر انفارمیشن فار ریسورس مینجمنٹ سسٹم کے سیٹلائٹ ڈیٹا پر مبنی تجزیے کے مطابق پنجاب میں یکم جنوری سے 9 نومبر تک آگ لگنے کے مجموعی واقعات کی سیٹلائٹ نشاندہی میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں تقریباً 21 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
اب تک کی کہانی دیوالی
- سکھر میں حساس اداروں کی کارروائی، لاکھوں روپے کا آتش بازی کا سامان برآمد، 3 افراد گرفتار
- پاکستان ایل پی جی مارکیٹ ایسوسی ایشن نے 16 نومبر کی ہڑتال واپس لے لی
- بھارت میں دیوالی کے بعد فضائی آلودگی، لاہور متاثر ہونے کا خدشہ
- دیوالی کے موقع پر صدر اور وزیر اعظم کا پیغام: ہندو برادری قومی زندگی کا لازمی حصہ










