برطانیہ میں کروڑوں پاؤنڈز کے فراڈ میں ملوث 3 بلغاریائی شہری ملک بدر
برطانوی حکومت سے 5 کروڑ 39 لاکھ پاؤنڈز سے زائد کی امدادی رقم ہتھیانے والے بلغاریہ کے تین شہریوں کو سزا پوری ہونے کے بعد ملک بدر کر دیا گیا، یہ برطانوی تاریخ کا سب سے بڑا فلاحی فراڈ قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
برطانیہ میں سرکاری فلاحی امداد کے نام پر تاریخ کے سب سے بڑے فراڈ میں ملوث بلغاریہ کے تین شہریوں کو قید کی سزا مکمل ہونے کے بعد ملک بدر کر دیا گیا ہے۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ان افراد نے منظم گروہ کے ساتھ مل کر یونیورسل کریڈٹ کے تحت 5 کروڑ 39 لاکھ پاؤنڈز سے زائد کی رقم ناجائز طریقے سے حاصل کی تھی۔
ملزمان میں اسٹویان اسٹویانوف، پاتریتسیا پانےوا اور گیلینا نیکولووا شامل ہیں جنہوں نے جعلی شناختوں، ملازمت کے فرضی ریکارڈ، جعلی کرایہ ناموں، تنخواہوں کی جعلی رسیدوں اور ڈاکٹروں کے جعلی خطوط کے ذریعے ہزاروں افراد کے نام پر امدادی دعوے جمع کرائے تھے۔ جب کوئی درخواست مسترد ہوتی تو وہ نئی تفصیلات کے ساتھ دوبارہ کوشش کرتے اور ہر درخواست کے لیے الگ موبائل نمبر استعمال کرتے تھے۔
اس فراڈ سے حاصل ہونے والی رقم سے ملزمان نے مہنگی گاڑیاں، ڈیزائنر ملبوسات اور قیمتی گھڑیاں خریدیں۔ پولیس نے 5 مئی 2021 کو چھاپوں کے دوران 900 سے زائد برقی آلات قبضے میں لیے اور ایک بستر کے نیچے رکھے سوٹ کیس سے 7 لاکھ 50 ہزار پاؤنڈ نقد برآمد کیے۔ گاڑیاں، زیورات اور دیگر قیمتی سامان بھی ضبط کیا گیا۔
اس مقدمے میں پانچ بلغاریائی باشندوں نے جرم کا اعتراف کیا تھا اور انہیں مجموعی طور پر 25 سال سے زائد قید کی سزائیں سنائی گئیں۔ ملک بدر کیے جانے والے تین افراد کے علاوہ گروہ کے دو ارکان گیونیش علی اور تسویتا تودورووا تاحال برطانیہ میں موجود ہیں اور انہیں بھی ملک بدر کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
برطانوی حکام نے کہا ہے کہ غیر ملکی مجرموں کی ملک بدری کا عمل تیز کیا جا رہا ہے اور عوامی فلاحی نظام سے دھوکہ دہی کرنے والوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔ واضح رہے کہ یہ برطانیہ کی تاریخ میں سرکاری امداد کے حوالے سے سب سے بڑا فراڈ قرار دیا جا رہا ہے جس نے فلاحی نظام کی کمزوریوں کو بے نقاب کیا ہے۔
اب تک کی کہانی بلغاریہ
- بلغاریہ میں شدید دھند کے باعث 86 گاڑیاں ٹکرا گئیں، 11 ہلاک اور 50 زخمی
- یورپ میں مسافر طیاروں کو بم کی دھمکیاں، کئی پروازیں متبادل ہوائی اڈوں پر اتاری گئیں










