around.pk
Wednesday, 18 November 2026
☀ کراچی 27°☀ لاہور 19°☀ اسلام آباد 14°
پاکستان

میر رضا قتل کیس: والدین کا وزیر داخلہ سندھ کو خط، کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد اور تحقیقاتی کمیٹیوں کی کارکردگی پر سوالات

میر رضا علی خان قتل کیس میں مقتول کے والدین نے وزیر داخلہ سندھ کو خط ارسال کرتے ہوئے عدالتی کمیشن کی سفارشات پر فوری عملدرآمد، غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی اور تحقیقاتی کمیٹیوں کی پیش رفت سے آگاہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

around.pk·just now

میر رضا علی خان کے قتل کے کیس میں مقتول کے والدین نے وزیر داخلہ سندھ کو خط ارسال کرتے ہوئے عدالتی انکوائری کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کی سست رفتار اور مختلف تحقیقاتی کمیٹیوں کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے ہیں۔ یہ خط سپریم کورٹ کے وکیل جبران ناصر کے ذریعے وزیر داخلہ سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، وفاقی وزیر داخلہ اور ڈی جی رینجرز کو بھیجا گیا ہے، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ متاثرہ خاندان کو تمام اقدامات کی مکمل معلومات فراہم کی جائیں۔

خط کے مطابق حکومت سندھ نے کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کے لیے متعدد اقدامات کا اعلان کیا تھا، جن میں کابینہ کی ذیلی کمیٹی کی تشکیل شامل ہے۔ 20 اکتوبر کے نوٹیفکیشن کے تحت قائم ہونے والی اس کمیٹی کا کنوینر وزیر داخلہ سندھ کو مقرر کیا گیا تھا، اس لیے ان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ کمیشن کی رپورٹ پر مؤثر اور مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

والدین میر حسین اور مریم حسین نے خط میں بتایا کہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے پولیس افسران کے طرز عمل کے جائزے کے لیے ایک رکنی کمیٹی، متعلقہ افسران کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات کے تحت کارروائی کے لیے تین رکنی کمیٹی، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم، ڈاکٹر اسامہ شیخ کے خلاف محکمانہ انکوائری اور شہریار میمن کے کردار کی تحقیقات کا فیصلہ کیا تھا، تاہم ان اقدامات پر ہونے والی پیش رفت سے خاندان کو آگاہ نہیں کیا گیا۔

خط میں یہ بھی کہا گیا کہ 23 اکتوبر کے نوٹیفکیشن کے تحت ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار علی لارک کی سربراہی میں قائم ایک رکنی کمیٹی کو کمیشن کی رپورٹ میں نامزد پولیس افسران اور اہلکاروں کے کردار کا جائزہ لینے کی ذمہ داری دی گئی تھی، لیکن کمیٹی کے قیام کو 26 روز گزرنے کے باوجود اس کی کارروائی، تحقیقات اور نتائج سے متعلق کوئی اطلاع فراہم نہیں کی گئی۔ والدین نے اس کمیٹی کی تشکیل کے طریقہ کار پر بھی اعتراض کیا اور کہا کہ نوٹیفکیشن میں متعلقہ افسران کے خلاف ایفیشنسی اینڈ ڈسپلنری رولز کے تحت کارروائی کا واضح ذکر نہیں، جس سے خدشہ ہے کہ یہ کمیٹی بھی محض تکرار بن کر رہ جائے گی۔

خط میں وفاقی تحقیقاتی ادارے کے گریڈ 20 کے افسر کی سربراہی میں قائم تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی کی حتمی تشکیل اور کارروائی سے آگاہ نہ کرنے پر بھی سوال اٹھایا گیا ہے۔ اس کمیٹی کو تعزیرات پاکستان کی دفعات 201، 166(2) اور 218 کے تحت معاملات کی تحقیقات کرنی تھیں اور اس میں ڈی آئی جی ویسٹ عرفان علی بلوچ اور ڈی آئی جی اسپیشل برانچ نعیم احمد شیخ کو شامل کیا گیا تھا۔ والدین نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں رینجرز کے نامزد نمائندے کی عدم شرکت کا نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا۔

مقتول کے والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ افسران کے خلاف شوکاز نوٹس، چارج شیٹ اور باقاعدہ محکمانہ انکوائری کے ذریعے کارروائی کی جائے۔ خط میں ان افسران کے نام بھی درج کیے گئے ہیں جن کے کردار کا کمیشن کی رپورٹ میں جائزہ لیا گیا تھا، جن میں ڈی آئی جی امیر فاروقی، ڈی آئی جی فرخ لانجر، ایس ایس پی سمیع اللہ سومرو، ایس ایس پی زبیر نذیر شیخ، ایس پی عثمان سدوزئی، ایس ایچ او عدیل افضل، سب انسپکٹر شبیر لغاری، ڈی ایس پی سراج لاشاری، اے ایس پی ندا جنید اور انسپکٹر غوث شامل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ متعدد افسران تاحال اپنے عہدوں پر معمول کے فرائض انجام دے رہے ہیں، اس لیے حکومت کو واضح کرنا چاہیے کہ ان کے خلاف اب تک کیا کارروائی کی گئی ہے۔

اب تک کی کہانی سندھ رینجرز

  1. کراچی میں سندھ رینجرز کی کارروائی، ڈکیتی گروہ کا سرغنہ گرفتار
  2. لیاری گینگ وار کے ارشد پپو کا بھتیجا گرفتار، 2022 میں پولیس انسپکٹر کے قتل کا ملزم
  3. راولاکوٹ میں فائرنگ سے زخمی سندھ رینجرز کا نائیک شہید
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
سندھوفاقی تحقیقاتی ایجنسیسپریم کورٹ آف پاکستانسندھ رینجرزمشترکہ تحقیقاتی ٹیممیر رضا علی خانوزیر داخلہ سندھ

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں