اقوام متحدہ میں پاکستان کا بھارت کے پانی بطور ہتھیار استعمال پر واضح مؤقف
اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جادون نے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشترکہ قدرتی وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کرنا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جادون نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ اور غیر قانونی طور پر معطل کرنے کے اقدام کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ یہ اجلاس لائبیریا کی زیر صدارت ''قدرتی وسائل اور تنازعات: روک تھام اور امن کے لیے تعاون کا فروغ‘‘ کے موضوع پر منعقد ہوا، جس میں پاکستانی نمائندے نے واضح کیا کہ پانی جیسے مشترکہ وسائل کو سیاسی دباؤ کے لیے استعمال کرنا بین الاقوامی قانون اور معاہداتی ذمہ داریوں کے منافی ہے۔
سفیر عثمان جادون نے کہا کہ پاکستان کی جانب آنے والے دریاؤں کا پانی روکنے کی بھارتی دھمکیاں 24 کروڑ سے زائد افراد کے روزگار، فلاح و بہبود اور علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ مستقل ثالثی عدالت کے فیصلے میں بھی اس بات کی توثیق کی گئی ہے کہ سندھ طاس معاہدہ بدستور نافذ العمل ہے اور بھارت اس کے تحت اپنی ذمہ داریوں کا پابند ہے، اس لیے کسی ایک فریق کو یکطرفہ طور پر معاہدے سے انحراف کا حق حاصل نہیں۔
انہوں نے سلامتی کونسل کی قرارداد 2788 کا حوالہ دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل 33 کے تحت تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا، بالخصوص پانی سمیت سرحد پار مشترکہ قدرتی وسائل کے انتظام کے حوالے سے۔ ان کا کہنا تھا کہ قدرتی وسائل کو استحصال اور تنازعات کا ذریعہ بنانے کے بجائے پائیدار ترقی، مشترکہ خوشحالی اور امن کے فروغ کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔
پاکستانی نمائندے نے افریقی ممالک کی اپنے قدرتی وسائل پر خودمختاری کے لیے جدوجہد سے یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی مداخلت، وسائل کی غیر قانونی ترسیل، سیاسی محرومی، کمزور ادارے اور اشرافیہ کی اجارہ داری عام طور پر قدرتی وسائل کو تنازعات کا سبب بنا دیتی ہے۔ انہوں نے جمہوریہ کانگو کی مثال دی جہاں معدنی وسائل کی دولت عوام کی خوشحالی کے بجائے تنازعات کے تسلسل کا سبب بنی ہوئی ہے۔
سفیر عثمان جادون نے قدرتی وسائل سے متعلق تنازعات کی روک تھام کے لیے تین اہم ترجیحات کی نشاندہی کی: تنازعات کی بنیادی سیاسی اور انتظامی وجوہات کا حل اور وسائل کی منصفانہ تقسیم؛ وسائل کی غیر قانونی ترسیل روکنے کے لیے سپلائی چین میں شفافیت اور عالمی تعاون کا فروغ؛ اور ترقی پذیر وسائل سے مالا مال ممالک کو سرمایہ کاری، مقامی پیداوار، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور اضافی قدر کے حصول سے مستفید کرنا۔
انہوں نے زور دیا کہ قدرتی وسائل کا انتظام اقوام متحدہ کے منشور، بین الاقوامی قانون اور وسائل پر مستقل خودمختاری کے اصول کے مطابق ہونا چاہیے، جسے جنرل اسمبلی کی قرارداد 1803 میں بھی تسلیم کیا گیا ہے۔ خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کا مشترکہ مقصد قدرتی وسائل کو استحصال، عدم مساوات اور تنازعات کے بجائے تعاون، مشترکہ خوشحالی اور پائیدار امن کا ذریعہ بنانا ہونا چاہیے۔
اب تک کی کہانی سلامتی کونسل
- مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی پر روس اور چین کا تحفظات کا اظہار، سفارت کاری پر زور
- ایران نے جوہری معلومات پر امریکی انعام کی پیشکش مسترد کر دی









