لاہور میں دفعہ 144 میں مزید تین دن کی توسیع، 5 یا زائد افراد کے اجتماع پر پابندی برقرار
ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے دفعہ 144 کی توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، پابندی 26 نومبر سے 29 نومبر تک نافذ رہے گی۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید تین دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق یہ پابندی 26 نومبر سے 29 نومبر تک تین روز کے لیے نافذ رہے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ عوامی امن و امان اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ ضلع لاہور میں پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع اور جلوس پر پابندی عائد رہے گی۔ اس کے علاوہ غیر قانونی اجتماع پر اکسانے کی کارروائی پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔
تاہم، کچھ امور کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، جن میں شادی بیاہ کی تقریبات، نماز جنازہ، تدفین اور عبادت گاہوں میں نماز کی ادائیگی شامل ہیں۔ اسی طرح سرکاری و نیم سرکاری فرائض اور عدالتی کارروائی بھی پابندی کے دائرے سے باہر رہے گی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ امن و امان اور شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اور حساس سیکیورٹی اطلاعات کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کیا گیا ہے۔ تین روزہ پابندی کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہے۔
کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے مزید کہا کہ ضلع لاہور میں امن و عامہ کی فضا ہر صورت برقرار رکھی جائے گی اور شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ دفعہ 144 کی پابندی پر انتظامیہ سے تعاون کریں۔
اب تک کی کہانی دفعہ 144
- پنجاب میں خفیہ ریکارڈنگ آلات پر پابندی میں 30 روز کی توسیع
- سندھ میں اسلحے کی نمائش پر پابندی ایک ماہ مزید بڑھا دی گئی










