وزیراعظم شہباز شریف اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی اہم ملاقات
وزیراعظم شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے علاقائی و عالمی امور پر گفتگو کی اور پاکستان کے کردار کو سراہا۔
25 ستمبر 2026, 5:03 صبح
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں علاقائی و عالمی امن سمیت کئی اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کثیرالجہتی نظام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی امن اور ترقی میں اقوام متحدہ کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں سے وابستگی کی بھی یقین دہانی کرائی اور انسانیت کی بہتری کے لیے سیکرٹری جنرل کی قیادت کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت دیگر علاقائی و عالمی معاملات پر بھی بات کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں امن کے فروغ اور کشیدگی کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا اور فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت اور آزاد ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اظہار کیا۔
ملاقات میں وزیراعظم نے اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان، خصوصاً پاکستان کے ہمسایہ خطے میں پیش آنے والے واقعات پر تشویش ظاہر کی اور اس کے تدارک کے لیے مؤثر عالمی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال اور افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کو بھی زیر بحث لایا۔
انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائدانہ کردار اور عالمی امن میں پاکستان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے خصوصاً دہشت گردی کے خلاف جنگ اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی کوششوں اور دی جانے والی قربانیوں کی تعریف کی۔
اسی زمرے سے
وزیراعظم شہباز شریف اور پرنس رحیم آغا خان کی ملاقات، تعاون جاری رکھنے پر اتفاق
2 گھنٹے قبل
خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے امکانات پر فیصل کریم کنڈی کا بیان
3 گھنٹے قبل
گجرات: بیٹی کے ساتھ زیادتی کرنے والے والد کو عمر قید
5 گھنٹے قبل
راولپنڈی میں پہلی بار خواتین ملزمان کو ہتھکڑیاں لگا دی گئیں
5 گھنٹے قبل