جمعہ, 25 ستمبر 2026
around.pk

پاکستان و دنیا کی خبریں

پاکستان

پشاور سول سیکریٹریٹ اور اہم دفاتر سیکیورٹی خدشات پر خالی کرا لیے گئے

پشاور میں سیکیورٹی اداروں کے تھریٹ الرٹ کے بعد سول سیکریٹریٹ اور دیگر اہم سرکاری دفاتر خالی کرالیے گئے۔

25 ستمبر 2026, 5:39 شام

پشاور میں سیکیورٹی اداروں کی جانب سے جاری کردہ تھریٹ الرٹ کے بعد سول سیکریٹریٹ میں سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کردیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ممکنہ سیکیورٹی خدشات کے باعث سیکریٹریٹ کے تمام ملازمین کو فوری طور پر عمارت خالی کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ اس سے قبل سیکریٹریٹ میں باہر سے آنے والے افراد کا داخلہ بھی بند کردیا گیا تھا اور جمعے کی نماز کے لیے مسجد بھی بند کر کے وہاں موجود افراد کو باہر جانے کی تاکید کی گئی۔

معلومات کے مطابق سول سیکریٹریٹ میں صوبائی حکومت کے ستائیس سے زائد محکموں کے دفاتر اور سیکریٹریز کام کرتے ہیں جن میں سے متعدد حصے مرحلہ وار خالی کرائے گئے۔ ذرائع کے مطابق چیف سیکریٹری کا دفتر کھلا رہا جبکہ انسانی وسائل اور انتظامیہ سمیت کچھ لازمی دفاتر میں محدود عملہ موجود رہا۔ اس کے علاوہ سیکیورٹی خدشات کے باعث سرکاری گاڑیوں کو بھی عمارت کے باہر منتقل کرنے کی ہدایت دی گئی۔

سول سیکریٹریٹ کے ساتھ ساتھ ورسک روڈ پر واقع سابق فاٹا سیکریٹریٹ اور شامی روڈ پر واقع محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کے دفاتر بھی سیکیورٹی کی بنا پر بند کردیئے گئے جبکہ محکمہ صحت، اطلاعات اور دیگر چند دفاتر کو بھی خالی کرالیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ممکنہ خودکش حملے کے خطرے کے پیش نظر ان عمارتوں کے گرد حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیئے گئے ہیں اور صورت حال کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔

اس دوران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی خالی سیکریٹریٹ پہنچے، جہاں انہوں نے چیف سیکریٹری سید شہاب علی شاہ کے ساتھ سیکریٹریٹ کی مسجد میں نماز جمعہ ادا کی۔ بعد ازاں پریس کانفرنس میں وزیر اعلیٰ نے ملازمین کو یقین دلایا کہ انہیں خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

اسی زمرے سے