سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اچانک بڑی کمی، جانئیے نئی قیمتیں کیا ہیں
عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں غیر متوقع کمی ریکارڈ ہوئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت میں 6 ہزار 500 روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔

ملکی صرافہ مارکیٹوں میں جمعہ کے روز سونے اور چاندی کی قیمتوں میں غیر متوقع طور پر بڑی کمی دیکھنے میں آئی۔ اس کمی کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 6 ہزار 500 روپے کم ہو کر 4 لاکھ 29 ہزار 136 روپے کی سطح پر آ گئی، جبکہ فی دس گرام سونے کی قیمت 5 ہزار 573 روپے کی کمی سے 3 لاکھ 67 ہزار 914 روپے پر پہنچ گئی۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ فی اونس سونے کی قیمت 65 ڈالر کم ہو کر 4 ہزار 066 ڈالر کی سطح پر آ گئی۔ اس سے قبل گزشتہ چار روز کے دوران عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا تھا۔
اسی طرح چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 85 سینٹس کم ہو کر 52 ڈالر کی سطح پر آ گئی۔ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ چاندی کی قیمت 85 روپے کی کمی سے 5 ہزار 678 روپے اور فی دس گرام چاندی کی قیمت 73 روپے کی کمی سے 4 ہزار 867 روپے کی سطح پر آ گئی۔
مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق قیمتوں میں اس کمی کی ایک وجہ خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ بھی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ڈیموکریٹس کی جانب سے مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا سینٹرز پر پابندی کے بیان کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں چار روزہ وقفے کے بعد سونے اور چاندی کی قیمتوں میں یہ کمی واقع ہوئی۔
واضح رہے کہ قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ عالمی معاشی حالات، توانائی کی قیمتوں اور سرمایہ کاروں کے رجحان سے جڑا ہوتا ہے۔ ماہرین کے مطابق آنے والے دنوں میں بھی قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ کے رجحانات اور معاشی اشاریوں کی بنیاد پر ہوتا رہے گا۔
صرافہ مارکیٹ سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ خریداروں اور سرمایہ کاروں کو چاہیے کہ وہ قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کریں، کیونکہ بین الاقوامی عوامل مقامی قیمتوں پر براہ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔









