کراچی پورٹ پر غیر ملکی شپنگ ایجنسی پر 35 لاکھ روپے جرمانہ
ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی پورٹ پر لنگر انداز بحری جہاز کے غیر ملکی عملے کی دستاویزات میں سنگین بے ضابطگیاں سامنے آنے کے بعد متعلقہ شپنگ ایجنسی پر 35 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی پورٹ پر لنگر انداز ایک بحری جہاز کے غیر ملکی عملے کی دستاویزات میں سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف کیا ہے، جس کے بعد متعلقہ شپنگ ایجنسی پر 35 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق یہ کارروائی ویسٹ وارف کی برتھ نمبر 25 پر جہاز کی امیگریشن جانچ پڑتال کے دوران کی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ بحری جہاز سی ایس مرام ابوظہبی کے پرچم تلے صلالہ سے کراچی پہنچا تھا اور کیبل بچھانے اور مرمت کے منصوبے کے سلسلے میں تقریباً دو ماہ سے کراچی میں موجود ہے۔ جہاز پر 33 افراد پر مشتمل عملہ موجود تھا، جن میں سے 7 غیر ملکی کیٹرنگ ملازمین کی دستاویزات میں خامیاں پائی گئیں۔ ان میں 4 نیپالی، ایک بنگلہ دیشی اور 2 ملاوی شہری شامل ہیں جو کک، اسسٹنٹ کک اور اسٹیورڈ کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
جانچ پڑتال میں یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ عملے کے ارکان کے پاس نیشنل سی مین بک، فلیگ سی مین بک اور دیگر لازمی بحری دستاویزات موجود نہیں تھیں۔ اس کے علاوہ ان کے پاس ٹریننگ سرٹیفکیٹس، فلیگ اینڈورسمنٹس، سرٹیفکیٹ آف کمپیٹینسی، سرٹیفکیٹ آف پروفیشنسی اور واچ کیپنگ سرٹیفکیٹس بھی دستیاب نہیں تھے۔ مزید تحقیقات کے دوران بعض ملازمین کے پاس برونڈی، پلاؤ اور سینٹ کٹس اینڈ نیوس کی سی مین بکس بھی پائی گئیں۔
عملے کے ارکان نے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیشہ ور ملاح نہیں بلکہ جہاز پر کیٹرنگ اور مہمان نوازی کی ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں اور یہ دستاویزات انہیں خود کمپنی کی جانب سے فراہم کی گئی تھیں۔ ترجمان کے مطابق جہاز کے کپتان نے دستاویزات میں بے ضابطگیوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے معذرت بھی کی۔
اس کے بعد متعلقہ شپنگ ایجنسی شراف شپنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کو 35 لاکھ روپے کے جرمانے کا نوٹس جاری کیا گیا۔ شپنگ ایجنٹ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جرمانے کی رقم رواں ہفتے قومی خزانے میں جمع کرائی جائے گی اور ادائیگی شدہ چالان کی نقل امیگریشن آفس میں جمع کر دی جائے گی۔ ایف آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ادارہ امیگریشن قوانین اور ضابطوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر نگرانی اور جانچ پڑتال جاری رکھے ہوئے ہے۔
اب تک کی کہانی ابوظبی
- چینی الیکٹرک گاڑی نے 503 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا
- ابوظبی ٹی 10 لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت کی راہ ہموار، پی سی بی اور منتظمین میں معاملات طے









