around.pk
Thursday, 12 November 2026
☀ کراچی 28°⛅ لاہور 27°🌧 اسلام آباد 20°
پاکستان

ڈی آئی خان میں پولیس اسٹیشن پر بڑا حملہ ناکام، دہشت گرد تھانے میں داخل نہ ہو سکے

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے بند کورائی میں پولیس اسٹیشن پر بارود سے بھری گاڑی سے خودکش دھماکے کی کوشش کی گئی، تاہم پولیس کی جوابی کارروائی نے حملہ آوروں کو تھانے میں داخل ہونے سے روک دیا۔

around.pk·2m ago

ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑپور کے علاقے بند کورائی میں پولیس اسٹیشن پر گزشتہ شب تقریباً دو بجے ایک بڑا حملہ کیا گیا، جسے پولیس نے بروقت جوابی کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا۔ اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے بارود سے بھری سوزوکی وین کے ذریعے تھانے کے مرکزی گیٹ کے قریب زوردار دھماکہ کیا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق اس حملے میں 600 سے 800 کلو گرام تک بارودی مواد استعمال کیا گیا، تاہم اس حوالے سے سرکاری تصدیق ابھی سامنے نہیں آئی۔ دھماکے کی شدت سے پولیس اسٹیشن کا مرکزی گیٹ، قریبی مسجد، دیواریں اور عمارت کے مختلف حصے متاثر ہوئے۔

دھماکے کے فوراً بعد دہشت گردوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا جو کافی دیر تک جاری رہا۔ حملہ آوروں نے مارٹر گولے بھی فائر کیے، تاہم خوش قسمتی سے یہ گولے پھٹ نہ سکے۔ پولیس اہلکاروں نے جرأت مندی سے مقابلہ کرتے ہوئے حملہ آوروں کو تھانے میں داخل ہونے سے روک دیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی پہاڑپور، ڈی ایس پی سٹی حافظ محمد عدنان اور ایس پی سی ٹی ڈی محمد افتخار شاہ پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور آپریشن کی نگرانی کی۔ دہشت گرد اندھیرے اور گھنے جنگل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ حملے کے نتیجے میں پولیس کے چند اہلکار معمولی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا اور طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فارغ کر دیا گیا۔

واقعے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔ حملے کے بعد آر پی او ڈیرہ رینج غلام مبشر میکن اور ڈی پی او ڈیرہ ضیاء الدین احمد نے بند کورائی پولیس اسٹیشن کا دورہ کیا، متاثرہ عمارت اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور حملے کو ناکام بنانے پر پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔

واضح رہے کہ حملے کے دوران مقامی افراد نے بھی پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کیا اور اہلکاروں کے شانہ بشانہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے علاوہ فرار ہونے والے حملہ آوروں کا تعاقب بھی کیا۔ دھماکے کی شدت اور مبینہ طور پر استعمال ہونے والے بارودی مواد کی بھاری مقدار کے پیش نظر اس حملے کو ڈیرہ اسماعیل خان کی سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے ایک غیر معمولی واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔

اب تک کی کہانی ڈی آئی خان

  1. ڈی آئی خان میں پولیس اسٹیشن پر بارود بھری گاڑی سے حملہ ناکام، ملزمان فرار
  2. ڈی آئی خان سڑک منصوبوں کے ٹھیکوں میں مبینہ بے ضابطگیاں، اسعد محمود کے دور میں ٹھیکیداروں کی تبدیلی
  3. ڈی آئی خان میں خودکش دھماکہ، 12 افراد شہید، 30 زخمی
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
دہشت گردی اور سیکیورٹیڈی آئی خانخیبرپختونخوا پولیسبند کورائی پولیس اسٹیشنسی ٹی ڈیڈیرہ رینجتحصیل پہاڑپور

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں