پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد ساڑھے تین کروڑ سے تجاوز کر گئی، نوجوان بھی خطرے میں
پاکستان میں تقریباً 3 کروڑ 45 لاکھ بالغ افراد ذیابیطس میں مبتلا ہیں، جبکہ 93 لاکھ افراد کو ابھی تک بیماری کی تشخیص نہیں ہوئی۔ ماہرین نے بروقت معائنے اور طرزِ زندگی میں تبدیلی پر زور دیا ہے۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
پاکستان میں ذیابیطس کا مرض تیزی سے سنگین صورت اختیار کر رہا ہے اور اب صرف بڑی عمر کے افراد ہی نہیں بلکہ نوجوان بھی اس بیماری سے متاثر ہو رہے ہیں۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں تقریباً 3 کروڑ 45 لاکھ بالغ افراد ذیابیطس میں مبتلا ہیں، جبکہ ان میں سے 93 لاکھ افراد کو ابھی تک اس مرض کی تشخیص ہی نہیں ہو سکی۔ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ اگر مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو 2050 تک یہ تعداد بڑھ کر 7 کروڑ 2 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔
یہ معلومات آغا خان یونیورسٹی اسپتال کی جانب سے کراچی میں منعقدہ ایک نشست میں پیش کی گئیں، جس میں ماہرینِ امراضِ غدد، ماہرِ جراحیِ شریان اور ماہرِ غذائیت نے ملک میں ذیابیطس کے بڑھتے رجحان، اس سے جڑے خطرات اور بروقت تشخیص کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
آغا خان یونیورسٹی اسپتال کی کنسلٹنٹ اینڈوکرائنولوجسٹ ڈاکٹر اسماء احمد نے بتایا کہ ذیابیطس ٹائپ ٹو اب صرف بڑی عمر کے افراد تک محدود نہیں رہی بلکہ نوجوان بھی اس کا شکار ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق جن افراد کے خاندان میں ذیابیطس کی تاریخ موجود ہے، جن کے پیٹ کے گرد اضافی چربی ہے یا جو جسمانی سرگرمیوں سے دور رہتے ہیں، انہیں خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بظاہر صحت مند وزن رکھنے والے افراد بھی خود کو محفوظ نہ سمجھیں اور علامات ظاہر ہونے کا انتظار کیے بغیر بروقت طبی معائنہ کرائیں۔
انہوں نے بتایا کہ آغا خان یونیورسٹی کے پاکستان ذیابیطس سے بچاؤ کے تحقیقی منصوبے کے تحت پری ڈائبیٹیز میں مبتلا افراد کو طرزِ زندگی میں تبدیلیوں سے متعلق رہنمائی فراہم کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک سال کے دوران تبدیلیاں اپنانے والے گروپ کے 61 فیصد افراد کا خون میں شکر کی سطح معمول پر آ گیا۔
آغا خان یونیورسٹی اسپتال کے اسسٹنٹ پروفیسر اور شعبہ جراحیِ شریان کے سربراہ ڈاکٹر فرید احمد شیخ نے کہا کہ ذیابیطس خون کی روانی اور اعصابی نظام کو متاثر کرتی ہے، جس کی وجہ سے ٹانگوں اور پاؤں میں خون کی فراہمی اور حس کم ہو جاتی ہے۔ اس صورت میں معمولی زخم بھی مریض کی نظر سے اوجھل رہ سکتا ہے جو بعد میں سنگین انفیکشن کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔ بروقت علاج نہ ہونے پر بعض مریضوں کو ٹانگ یا پاؤں سے محرومی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے، اس لیے انہوں نے مریضوں کو اپنے پاؤں کا باقاعدگی سے معائنہ کرنے کی ہدایت کی۔
آغا خان یونیورسٹی اسپتال کی سینئر ماہرِ غذائیت فرح سید نے کہا کہ ذیابیطس کی تشخیص کا مطلب پسندیدہ غذائیں مکمل طور پر ترک کرنا نہیں، بلکہ متوازن خوراک، مناسب مقدار میں کھانا، سبزیوں، دالوں اور ثابت اناج کا استعمال بڑھانا اور میٹھے مشروبات سے گریز کرنا خون میں شکر کی سطح قابو میں رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ بیماری پر قابو پانے کے لیے صرف شکر کی نگرانی کافی نہیں بلکہ ادویات کے باقاعدہ استعمال، غذائی رہنمائی اور خون کی نالیوں و پاؤں کے معائنے سمیت مربوط طبی نگہداشت ضروری ہے۔
اب تک کی کہانی تعلیم
- فیفا صدر کے انتخاب میں نیا امیدوار: سالانہ صرف ایک ڈالر تنخواہ کی پیشکش
- پمز انکوائری رپورٹ پر وفاقی وزیر صحت اور ڈاکٹر شازیہ سومرو میں تلخ کلامی
- وزیراعلیٰ سندھ کی 750 اسکولوں کی نجی شعبے کو منتقلی اور کئی بڑے منصوبوں کی منظوری
- سندھ میں وائس چانسلرز کی مدت ملازمت میں توسیع کا سلسلہ جاری، داؤد یونیورسٹی کی وی سی کو چار سال کی مزید منظوری











