مارکو روبیو کا عالمی فوجداری عدالت پر سخت حملہ، امریکی خودمختاری پر زور
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے عالمی فوجداری عدالت کو خبردار کیا ہے کہ وہ امریکی شہریوں اور فوجی اہلکاروں پر اپنے فیصلے نافذ کرنے کی کوشش نہ کرے، ورنہ واشنگٹن سخت جواب دے گا۔
یہ خبر اور ہر اہم خبر سب سے پہلے واٹس ایپ پر پائیںaround.pk اردو خبریں چینل — مفت، بغیر سپیم فالو کریں
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ واشنگٹن اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے خلاف کسی بین الاقوامی ادارے کے فیصلے قبول نہیں کرے گا۔ یہ بیان امریکی دارالحکومت میں قدامت پسند قانونی تنظیم فیڈرلسٹ سوسائٹی کے قومی اجلاس سے خطاب کے دوران سامنے آیا۔
خبر رساں اداروں رائٹرز اور اے ایف پی کے مطابق روبیو نے اپنی تقریر میں عالمی فوجداری عدالت اور بین الاقوامی قوانین پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ اگر عدالت نے امریکی شہریوں یا فوجی اہلکاروں کے خلاف اپنے احکامات نافذ کرنے کی کوشش کی تو امریکا طاقت کے ذریعے بھی جواب دے سکتا ہے۔
انہوں نے قدیم رومی جنرل پومپی کا ایک مشہور قول نقل کرتے ہوئے کہا کہ تلوار اٹھانے والوں کو قوانین کا حوالہ دینا بند کرنا چاہیے۔ یوں انہوں نے یہ پیغام دیا کہ عالمی عدالت امریکی فیصلہ سازی پر اثر ڈالنے کی کوشش نہ کرے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی فوجداری عدالت نے افغانستان میں امریکی افواج کے جرائم کی تحقیقات کا سلسلہ بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ مبصرین کے مطابق روبیو کی تقریر بین الاقوامی عدالتی اداروں کے بارے میں امریکی حکومت کے سخت موقف کی عکاسی کرتی ہے۔
واضح رہے کہ یہ بیان امریکی خارجہ پالیسی میں بین الاقوامی اداروں کے حوالے سے جاری بحث کے پس منظر میں سامنے آیا ہے، جہاں واشنگٹن بار بار اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ پر زور دیتا رہا ہے۔
اب تک کی کہانی عالمی فوجداری عدالت
- امریکی وزیر خارجہ کا عالمی فوجداری عدالت پر سخت تنقید، ’تلواریں رکھنے والوں کو قانون نہ پڑھائیں‘
- عالمی فوجداری عدالت نے افغانستان میں امریکی افواج سے متعلق پرانی تحقیقات بند کر دیں









