around.pk
Saturday, 14 November 2026
☀ کراچی 25°☀ لاہور 20°⛅ اسلام آباد 16°
کھیل

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی فیصل آباد کے اسکولوں میں ہاکی سامان کی تقسیم

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل کی ترویج کے لیے فیصل آباد ریجن کے اسکولوں میں ہاکی اسٹکس اور دیگر سامان تقسیم کیا، تقریب میں پی ایچ ایف صدر محی الدین وانی سمیت معززین نے شرکت کی۔

around.pk·8m ago

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے قومی کھیل ہاکی کو تعلیمی اداروں کی سطح پر فروغ دینے اور نوجوان نسل کو اس کھیل کی جانب راغب کرنے کے لیے فیصل آباد ریجن کے اسکولوں میں ہاکی کا مکمل سامان تقسیم کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی، ایم پی اے رانا شہریار خان، ہاکی فیملی، شہر کے معززین کے علاوہ مختلف اسکولوں کے پرنسپلز، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور اس کے شاندار ماضی کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اسکولوں کی سطح سے ہی بچوں کو کھیلوں کی بنیادی سہولیات اور مواقع فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ گراس روٹ پر توجہ دیے بغیر کوئی بھی کھیل ترقی نہیں کر سکتا۔

اسکولوں میں ہاکی اسٹکس اور دیگر سامان کی فراہمی کا بنیادی مقصد طلبہ میں کھیل کا شوق پیدا کرنا، گراس روٹ سے نئے ٹیلنٹ کو تلاش کرنا اور مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑی تیار کرنا ہے۔ پی ایچ ایف کے اس اقدام کو مقامی تعلیمی اور سماجی حلقوں نے فیصل آباد ریجن سمیت ملک بھر میں ہاکی کے روشن مستقبل اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انتہائی اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔

تقریب کے اختتام پر فیصل آباد ریجن کے اسکولوں کے نمائندوں میں ہاکی کا مکمل سامان تقسیم کیا گیا۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف ہاکی کی مقبولیت میں اضافہ ہوگا بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنا نام روشن کرنے کا موقع بھی ملے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن گزشتہ کچھ عرصے سے ملک بھر میں ہاکی کی ترویج کے لیے مختلف پروگرامز کر رہی ہے، جن میں اسکولوں اور کلبوں کی سطح پر کھیلوں کے مقابلے اور تربیتی کیمپ شامل ہیں۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر اسکولوں کی سطح پر کھیلوں کو فروغ دیا جائے تو پاکستان دوبارہ ہاکی کے میدان میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتا ہے۔

اب تک کی کہانی ہاکی

  1. وفاقی حکومت کا ہاکی فیڈریشن کو مکمل تعاون کی یقین دہانی، ایف آئی ایچ نیشنز کپ پاکستان میں ہوگا
  2. پاکستان ہاکی کی بحالی کا منصوبہ: 450 اسکولوں میں ہاکی کا سامان تقسیم
پوری ٹائم لائن دیکھیں →
فیصل آبادہاکیپاکستان ہاکی فیڈریشنمحی الدین وانیرانا شہریار خان

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں